حضرت علی کی سیرت میں علم، عدل، شجاعت، تقوی اور انسانیت کی خدمت کی بے شمار مثالیں ہیں، متحدہ مسلم موومنٹ
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
ضلع کچہری ملتان میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام کا کہنا تھا کہ آپ نے ہمیشہ اپنی زندگی کو اللہ کے راستے میں وقف کیا اور حق و انصاف کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، آپ کا عدل و انصاف ایک مثال کے طور پر مسلمانوں کے دلوں میں نقش ہے، دور خلافت میں عدل و انصاف کو اولیت دی، جس سے آپ کا دور حکومت ایک شاندار دور ثابت ہوا۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام یوم شہادت شیر خدا سیدنا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے ضلع کچہری ملتان ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری کے چیمبر میں سیمینار کا انعقاد ہوا، جس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے محمد ایوب مغل نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی تعلیمات پوری مسلم امہ کے لیے مشعل راہ ہیں، آپ رضی اللہ عنہ نے جس طرح دین اسلام کیلئے اپنی زندگی کو وقف اور دشمنان اسلام کا خاتمہ کیا وہ اسلامی تاریخ کے سنہری الفاظ میں تاقیامت موجود رہے گا، خلیفہ چہارم کی زندگی اسلامی تاریخ بلکہ انسانیت کی تاریخ میں بھی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوا جاسکتا ہے۔
علامہ عبد الحق مجاہد، ایڈووکیٹ حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن، ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری، ایڈووکیٹ وسیم ممتاز، ایڈووکیٹ ملک فاروق اور ایڈووکیٹ ملک تصور حسین اعوان نے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہہ کی سیرت میں علم، عدل، شجاعت، تقوی اور انسانیت کی خدمت کی بے شمار مثالیں ہیں، آپ نے ہمیشہ اپنی زندگی کو اللہ کے راستے میں وقف کیا اور حق و انصاف کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔ آپ کا عدل و انصاف ایک مثال کے طور پر مسلمانوں کے دلوں میں نقش ہے، دور خلافت میں عدل و انصاف کو اولیت دی، جس سے آپ کا دور حکومت ایک شاندار دور ثابت ہوا۔
ایڈووکیٹ ملک سرفراز حسین جڑھ، ایڈووکیٹ خضر حیات قریشی، ایڈووکیٹ حضیر احمد زبیری اور ایڈووکیٹ فہیم ممتاز نے کہا کہ حضرت علی کی شہادت نہ صرف ایک المیہ تھی بلکہ یہ ایک عظیم پیغام بھی چھوڑ کر گئی ہے، آپ کی قربانی نے اس بات کو واضح کیا کہ اسلام کی اصل روح عدل، انصاف اور انسانیت کی خدمت میں ہے اور اسی راستے پر چلتے ہوئے ہی دنیا میں امن اور بھائی چارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ سیمنیار میں ایڈووکیٹ چوہدری حسین طالب، دلشاد اسد، محمد اکرم بھٹی، زبیر احمد شیخ، حق نواز اور محمد اشفاق سعیدی بھی شریک ہوئے اور اس موقع پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔