مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیشگوئی
اشاعت کی تاریخ: 27th, July 2025 GMT
محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران اسلام آباد کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے، ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں 29 سے 31 جولائی جبکہ سندھ میں 30 سے 31 جولائی کے دوران بارشیں ہوں گی، اس دوران کچھ علاقوں میں طوفانی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سیاح اور مسافر موسم کو دیکھ کر اپنے سفر کے پروگرام ترتیب دیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مضافاتی تحصیل دنیور میں پانی کا بڑا ریلہ داخل ہونے سے دریا کا رخ تبدیل ہوگیا، کیچڑ اور مٹی کا سیلاب آگیا، دریا کنارے متعدد گھر ملیامیٹ ہوگئے ،درخت اور سیکڑوں کنال اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ، مقامی لوگوں اور ریسکو اہلکاروں نے انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایا۔
چلاس تھک بابوسر میں فلیش فلڈنگ سے کئی گھرتباہ، مویشی بہہ گئے اور سیکڑوں کنال زرعی اراضی زیرآب آگئی،لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے پاک فوج ، گلگت بلتستان سکاؤٹس اور دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، پاک فوج کی جانب سے جدید گراؤنڈ سرویلنس ریڈار سسٹم کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ مشکل علاقوں میں دبے یا بہہ جانے والے افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کا سسٹم موجود ہے تاہم موسلادھار بارش کی بجائے ہلکی بارش کا امکان ہے، بارش کی شدت میں کمی آنے کے بعد درجہ حرارت اور حبس میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے 28 سے 31 جولائی تک مون سون کے پانچویں سپیل کے لئے الرٹ جاری کر رکھا ہے،اس سلسلے میں واسا، ایل ڈبلیو ایم، بلدیہ عظمی اور محکمہ ہاؤسنگ سرگرم عمل ہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچایا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کاپانچواں سپیل کل سے شروع ہو گا، بارشوں سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق رواں مون سون کے دوران مختلف حادثات میں 151 شہری جاں بحق جبکہ 538زخمی ہوئے ہیں،مون سون کے دوران 121مویشی ہلاک اور 209 گھر متاثرہوئے، دریائے سندھ میں کالا باغ اور تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات کے مطابق سے 31 جولائی کے دوران
پڑھیں:
لاہور سمیت پنجاب میں مون سون سسٹم کمزور پڑ گیا، حبس اور گرمی میں اضافہ
لاہور:لاہورصوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں مون سون کا سسٹم کمزور پڑنے سے حبس اور گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سسٹم کے اثرات کم ہونے کے سبب بارشوں کی شدت میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے اور حبس میں بھی اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ آج موسم عمومی طور پر خشک رہے گا اور بارش کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین موسمیات نے حبس میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے 28 سے 31 جولائی تک مون سون کے پانچویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔
اس تناظر میں واسا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی)، بلدیہ عظمیٰ لاہور اور محکمہ ہاؤسنگ نے بروقت انتظامات یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے مسائل سے نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات، پی ڈی ایم اے اور شہری ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام کو اپ ڈیٹس فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔