پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن، لاہور میں 200 سے زیادہ گرفتار، اسلام آباد انتظامیہ کا بھی انتباہ
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو ’تحریکِ آزادی‘ کے عنوان سے ملک گیر احتجاج کی کال کے بعد مختلف شہروں میں سیکیورٹی اداروں نے کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں اب تک 200 سے زیادہ کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ متعدد تھانوں میں ایف آئی آرز بھی درج کرلی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی ایف نائن پارک میں جلسے کی درخواست مسترد، راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ
آئی ایل ایف لاہور کے صدر ملک شجاعت جندران کے مطابق گرفتار کیے گئے کارکنان لاہور کے مختلف تھانوں میں موجود ہیں۔
تحریک انصاف کے مطابق آئی ایل ایف لاہور کے نائب صدر عمران اقبال کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 9 تھانوں کی ایف آئی آرز موصول ہو چکی ہیں جبکہ دیگر تھانوں میں مقدمات کا اندراج زیرِ التوا ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ احتجاج یا غیر قانونی سرگرمی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ شہر میں ہر قسم کے اجتماع، ریلی یا احتجاج پر مکمل پابندی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری گرفتاری اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی سی اسلام آباد نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بھی دارالحکومت کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کو ممکنہ احتجاج کی صورت میں مکمل سیل کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے 5 اگست کے احتجاجی شیڈول کو حتمی شکل دے دی، اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی تیاریاں
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’آئینی آزادی، اظہارِ رائے اور سیاسی حقوق کے تحفظ‘ کے لیے پرامن احتجاج کرے گی، تاہم حکومت نے اس اقدام کو سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews احتجاج اسلام آباد انتظامیہ انتباہ پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی عمران خان رہائی کریک ڈاؤن گرفتاریاں وی نیوز.