عفان وحید نے اپنے غصیلے مزاج کا اعتراف کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 28th, August 2025 GMT
پاکستان کے مقبول اداکار عفان وحید نے پہلی بار اپنی شخصیت کے ایک ایسے پہلو سے پردہ اٹھایا ہے جو اکثر ان کے مداحوں کی نظروں سے اوجھل رہا۔ نرم مزاج اور متوازن گفتگو کے لیے شہرت رکھنے والے عفان نے بتایا کہ وہ برسوں تک غصے کے مسائل کا شکار رہے اور اس کمزوری نے کئی بار انہیں مشکل میں ڈال دیا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ اگرچہ بظاہر وہ ایک پُرسکون اور ہنس مکھ انسان دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے قریبی لوگوں کو بخوبی معلوم ہے کہ کبھی کبھار وہ سخت غصے میں آجاتے ہیں۔
عفان کا کہنا تھا کہ ’’یہ مسئلہ میں نے خود بھی ہمیشہ محسوس کیا اور برسوں اس پر غور و فکر کے بعد بہت کچھ سیکھا۔‘‘
عفان نے وضاحت کی کہ غصہ صرف ایک وقتی ردعمل نہیں بلکہ اس کے پیچھے موروثی اثرات اور اردگرد کا ماحول بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس کیفیت سے نمٹنے کےلیے سب سے زیادہ ضروری ہے کہ انسان خود کو پہچانے اور اپنے رویے کا جائزہ لے۔
اداکار نے بتایا کہ وقت کے ساتھ انہوں نے خود پر قابو پانے اور ذہنی سکون حاصل کرنے کی تکنیک سیکھی ہیں۔ یہ طریقے انہیں نہ صرف اپنے غصے پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ زندگی کے مثبت پہلوؤں پر توجہ دینے کا حوصلہ بھی بخشتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں وہ کئی بار غیر ضروری طور پر سخت ردعمل ظاہر کر بیٹھے، جس پر آج انہیں افسوس ہے۔ تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی ذات پر کام کرکے اپنی شخصیت میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔
عفان وحید کے مطابق ’’غصہ اکثر اَن دیکھی مشکلات کی جڑ بن جاتا ہے۔ اب میں نے سیکھ لیا ہے کہ ایسے مواقع پر خاموش رہنا اور جذبات پر قابو رکھنا ہی اصل طاقت ہے۔‘‘
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
معروف بھارتی اداکار سائبر حملے کا شکار، ہیکرز نے کیا مطالبہ کیا؟
کناڈا فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار اور ہدایتکار اوپیندرا راؤ اور ان کی اہلیہ پریانکا کا موبائل فون ایک سائبر حملے میں ہیک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اوپیندرا راؤ اور ان کی اہلیہ پریانکا کا موبائل فون اس وقت ہیک ہوا جب انہیں ایک پیغـام موصول ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کا ایک آن لائن آرڈر کسی مسئلے کے باعث ڈیلیور نہیں کیا جا سکا۔
اس پیغام میں دیے گئے مخصوص علامات والے نمبر پر کال کرنے کا کہا گیا تاکہ آرڈر ڈیلیور کروایا جاسکے۔ جب پریانکا اور اوپیندرا راؤ نے یہ نمبر ملایا تو ان کے موبائل فونز نے کام کرنا بند کر دیا اور دونوں کے فونز ہیک ہوگئے۔
ہیکرز نے دونوں کے موبائل میں موجود دوستوں اور اہل خانہ کے نمبرز پر پیغامات بھیج کر 55 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ کچھ ہی گھنٹوں میں یہ رقم واپس کردیں گے۔
یاد رہے کہ اوپیندرا راؤ نے واقعے کی اطلاع پولیس اور سائبر کرائم یونٹ کو کردی ہے جس پر ان کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔