کراچی: فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم ’زینبیون بریگیڈ‘ کے 2 دہشتگرد گرفتار، چشم کشا انکشافات
اشاعت کی تاریخ: 23rd, October 2025 GMT
سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے شہر میں فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم "زینبیون برگیڈ" سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 2 نائم ایم پستول اور2 ہنڈ گرنیڈز برآمد کرلیے۔
رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان علی بہادر اورایس پی ملک سنکھار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سی ٹی ڈی نے 32 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے اوران آپریشن میں بہت سارے لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی سندھ اوروفاقی حساس ادارے خفیہ اطلاع پرمشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مذہبی جماعت کے کارکنوں کی کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم "زینبیون برگیڈ" سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں اسرارحسین گلگتی ولد ابرار حسین اور معصوم رضا عرف عامر اللہ عرف عمران موٹا ولد مرزا انور علی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 نائم ایم پستول اور2 ہنڈ گرنیڈز برآمد کرلیے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ شہرمیں فرقہ وارانہ دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہیں۔
گرفتارملزمان نے 9 اکتوبرکو یونیورسٹی روڈ این ای ڈی یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کے سامنے فائرنگ کرکے قاری انس رحمان کو قتل کیا، قتل کی واردات میں ملوث شوٹر اورموٹر سائیکل چلانے والا دونوں گرفتار ہیں گرفتار ملزمان نے مئی 2025 میں شیرپاؤ کالونی میں قاری عبد الرحمن کو بھی فرقہ وارانہ بنیاد پرقتل کیا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتارملزم معصوم رضا عرف عامراللہ عرف عمران موٹا ولد مرزا انورعلی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔
گرفتار ملزمان کالعدم تنظیم زینبیون برگیڈ کے سرگرن رکن ہیں اوروہ تنظیم کے مفادات کے لیے شہر میں دہشت گردی کی کاروائیاں انجام دینے کی منصوبہ بندی کرتے رہے ہیں۔
ملزمان نے اپنے غیر ملکی رابطوں کا بھی انکشاف کیا ہے جبکہ اس تنظیم کا سرغنہ پڑوسی ملک میں ہے جس سے یہ مالی معاونت اورٹارگٹ حاصل کرتے تھے۔
پڑوسی ملک سے آپریٹ ہونے والے نیٹ ورکاور ان کے پس پردہ سہولت کاروں کا نیٹ ورک کا بھی قلع قمع کیا گیا ہے گرفتار ملزمان کے خلاف ٹیررازم کے ساتھ ساتھ ٹیرر فنانسنگ کے کیسز درج کیے جائیں گے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان نے بتایا ہے کہ ان کے مزید ساتھی بھی شہر میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں جن کی تلاش جاری ہے کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان اوران کے سہولت کاروں کی نشاندہی ہوگئی ہے اورانکی گرفتاری کے لئے مختلف ٹیمیں کام کر رہی ہیں جلدا ہم پیش رفت متوقع ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم مصوم رضا عرف عامرموٹا پہلی ٹارگٹ کلنگ سے 20 دن پہلے کراچی آیا ہے اس کی ٹاسکنگ ہوئی ہے، ملزم گرفتار ہوگیا ورنہ ملزم کو اورلوگوں کو بھی ٹارگٹ کرنا تھا ملزم نے انہیں اپنی ہٹ لسٹ پررکھا ہوا تھا کچھ لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں جنہیں آگاہ کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا ناگن چورنگی واقعےمیں یہ ہی گروپ ملوث ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن یہ ضرورہے اس واقعے کے تانے بانے اس ہی گروپ میں ملتے ہیں جس کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم ہواکہ اس طرح کے کچھ اورسلیپرسیل بھی سرگرم ہوئے ہیں اوراچھی بات یہ ہے کہ ان سپلیرزسیل کے بارے میں سی ٹی ڈی کوانفارمیشن مل گئی ہے اوربہت جلد ان کا گھیرا تنگ کیا جائے اور ان کی گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ قاری محمد انس کو گرفتارملزمان نے ٹریپ کیا تھا اورگرفتار ملزمان کی جانب سے قاری انس رحمان کے اکاؤنٹ میں 60 ہزار روپے بھی ٹرانفسر کرائے گئے تھے اوراس ہی ٹریپ میں آکروہ بلدیہ ٹاؤن سے یونیورسٹی روڈ گئے اور وہیں سے سی ٹی ڈی کو لیڈز ملی اورسی ٹی ڈی اس نیٹ ورک تک پہنچی۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ کراچی میں اسلحہ کرایہ پر بھی ملتا ہے اورسلیپرز سیل کا ڈمپ اسلحہ بھی موجود ہے اور ملزمان نے مختلف جگہوں پر چھپا رکھا ہے اورگرفتار ملزمان نے ڈمپ اسلحہ سے ہی واردات انجام دی اور پھر سے ملزمان اسلحہ ڈمپ کر دیتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کو ملزمان کے اسلحے کے ٹھکانوں کا پتہ چلا ہے جس کے پیچھے جایا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈی ا ئی جی سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کلنگ میں ملوث گرفتار ملزم نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کرتے ہوئے ہے اور
پڑھیں:
نیو کراچی میں پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ، 2 زخمیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار
کراچی:نیو کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے جبکہ مجموعی طور پر چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزمان کی شناخت ایاز حسین اور غلام مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ گرفتار دیگر ساتھیوں میں مہران اور اندیل عرف سونو شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ وارداتوں میں استعمال ہوتی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا سچل سمیرا چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں بھی ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جس شناخت وجاہت کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔