Juraat:
2025-11-06@02:14:25 GMT

عزیزآباد پولیس کی ناک کے نیچے گٹکا و ماوا کھلے عام فروخت

اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT

عزیزآباد پولیس کی ناک کے نیچے گٹکا و ماوا کھلے عام فروخت

تھانے کی پیچھے والی گلی میں گٹکا و ماوا ڈیلر طاہر عرف بوبی کے کارندے مال بیچنے میں مگن
ڈیلرطاہر عرف بوبی کے کیبن سمیت کئی کیبن عزیزآباد کی حدود میں موجود، ویڈیو موصول

(رپوٹ/ایم جے کے )عزیزآباد پولیس کی ناک کے نیحے گٹکا و ماوا کی سپلائی و فروخت کھلے عام جاری، تھانے کے پیچھے والی گلی میں گٹکا و ماوا ڈیلر طاہر عرف بوبی کے کارندے مال بیچنے میں مگن، ویڈیو
موصول، ڈیلرطاہر عرف بوبی کے اس کیبن سمیت کئی کیبن عزیزآباد کی حدود میں موجود، پولیس خاموش تماشائی۔ علاقہ ذرائع کے مطابق ضلع وسطی تھانہ عزیزآباد کی حدود میں منشیات و گٹکا ماوا اول نمبر ڈیلر طاہر عرف بوبی کا کھلے عام گٹکا و ماوا علاقے کے تمام کیبنوں پر فروخت ہورہا ہے جسے باقاعدہ طور پر عزیزآباد پولیس اور خاص کر ایس ایچ او وقار قیصر اور خاص بیٹر ہیڈ کانسٹیبل سہراب کی سرپرستی حاصل ہے ، عزیزآباد حسین آباد کی حدود میں طاہر عرف بوبی نے جگہ جگہ اپنے ذاتی 12 سے 15 کیبن لگا رکھے ہیں جہاں وہ اپنے ذاتی کارخانے سے گٹکا و ماوا تیار کرکے اسے پیک کرواکر اپنے ان کیبنوں پر سپلائی کرتا ہے (جس کی ویڈیو بھی موصول ہوئی) اور اس کے کارندے جن میں جواد، آصف نیاپو، دانیال مالا، عمران کاکا، شاہریب اور عدیل نامی اشخاص کھلے عام فروخت کرتے ہیں، ذرائع سے نمائندہ جرات کو جو اب نئی ویڈیو موصول ہوئی وہ ویڈیو تھانہ عزیزآباد کی پیچھے والی گلی کی ہے جہاں طاہر عرف بوبی کا کارندہ جواد کھلے عام گٹکا و ماوا فروخت کرنے میں مگن ہے ، حیرت کی بات یہ ہے کہ تھانے کے پیچھے والی گلی مطلب یہ ہوا کہ عزیزآباد پولیس کی ناک کے نیچے ہی گٹکا اور ماوا فروخت ہو رہا ہے ، ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا کہ طاہر عرف بوبی اپنے تمام گٹکا و ماوا کیبنوں کی مد میں ایس ایچ او وقار قیصر کے خاص بیٹر ہیڈ کانسٹیبل سہراب کو چار لاکھ روپے ہفتہ دیتا ہے جس حوالے سے محکمہ پولیس کے اعلی افسران کو آگاہ بھی کیا گیا پر اب تک ڈی آئی جی ویسٹ زون اور ایس ایس پی سینٹرل کی جانب سے ثبوت (ویڈیو، تصاویر) اور جگہ کی نشاندہی کے باوجود بھی ایس ایچ او عزیزآباد وقار قیصر اس کا خاص بیٹر ہیڈ کانسٹیبل سہراب اور عزیزآباد کا سب سے بڑا منشیات و گٹکا ماوا ڈیلر طاہر عرف بوبی کے خلاف کاروائی نہیں کرسکے ، کچھ دن قبل اسپیشل برانچ کی کرپٹ پولیس افسران، اہلکاروں اور بیٹروں کے حوالے سے مرتب کردہ رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کی گئی اس لسٹ میں عزیزآباد ایس ایچ او وقار قیصر کا 99 نمبر ہے ، علاقہ مکین عزیزآباد نے آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف اور سندھ رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ فلفور ایس ایچ او عزیزآباد وقار قیصر اور اس کے خاص بیٹر ہیڈ کانسٹیبل سہراب کو سسپینڈ کر کے ہیڈ کوارٹر بی کمپنی بھیجا جائے اور ساتھ ہی علاقہ عزیزآباد میں زہر کی شکل میں گٹکا و ماوا فروخت کرنے ، کروانے والا طاہر عرف بوبی کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

.