جیکب آباد میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو اپنا رہبر و رہنماء مانتے ہیں اور انکی قیادت میں تحریک آزادیٔ فلسطین کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ قرآن و سنت اور صراطِ مستقیم پر چلنے والے عظیم رہبر تھے، جنہوں نے شیطان بزرگ امریکا اور اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں ہر محاذ پر شکست دی۔ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینیؒ نے امام خمینیؒ کے پیغام اور مشن کو پاکستان میں آگے بڑھایا۔ یہ بات انہوں نے جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیینؐ جیکب آباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید امین شیرازی سے ملاقات کے بعد طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر آئی ایس او کے ضلعی صدر اظہار الحسن، سابقہ ڈویژن صدر اللہ بخش میرالی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد علامہ مقصود علی ڈومکی اور سید امین شیرازی نے مدرسہ خاتم النبیینؐ میں طلبہ سے خصوصی نشست میں خطاب کیا۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال جنگ احزاب سے مشابہت رکھتی ہے۔ آج عالم کفر اور استکبار متحد ہو کر انقلاب اسلامی ایران اور رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای (مدظلہ العالی) پر حملہ آور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ اس امتحان میں بھی رہبر معظم اور امت مسلمہ سرخرو ہوں گے۔ آج پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو اپنا رہبر و رہنماء مانتے ہیں اور ان کی قیادت میں تحریک آزادیٔ فلسطین کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔ ان شاء اللہ رہبر معظم کی قیادت میں اسرائیل کو ذلت آمیز شکست ہوگی اور امریکہ و اسرائیل کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید امین شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن رہبر معظم کے فرامین پر عمل کرنے والے بیدار، صالح اور انقلابی جوانوں کی جماعت ہے، جو وطن عزیز پاکستان میں عالمی استکبار، امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ صف اول میں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کو مکار دشمن اور سامراجی طاقتوں کے شیطانی ایجنڈوں پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے غیرت مند مسلمان امریکہ اور اسرائیل سے شدید نفرت کرتے ہیں اور مظلوم اقوام، بالخصوص فلسطینی عوام کی حمایت کو اپنا دینی و اخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں۔

.