وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں سول نافرمانی کی تحریک ناکام؟ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافہ
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں جوکہ نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہیں، دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔
شہباز شریف نے کہاکہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کا عکاس ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں مذاکرات کے ساتھ ترسیلات زر کی بائیکاٹ مہم بھی جاری ہے، عمران خان
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت نے ہمارے لیے انصاف کے تمام دروازے بند کردیے ہیں، اس لیے اب ہم سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے، جس کا پہلا مرحلہ اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل ہے۔