پاک بحریہ کا بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن

راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاک بحریہ نےبحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جیونی کے جنوب میں موجود بلوچ ماہی گیروں کی القادری نامی کشتی انجن کی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوئی، کشتی میں موجود ماہی گیروں نے امداد کے لیے ریڈیو کالز دیں۔کشتی کی کال کو جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر نے بروقت مانیٹر کیا اور پاک بحریہ کے میری ٹائم ہیڈ کواٹرز سے ریسکیو آپریشن کی درخواست کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ کے سیکنگ ہیلی کاپٹر نے سبک رفتاری سے حادثے کے مقام پر پہنچ کر تمام 8 ماہی گیروں کو باحفاظت ریسکیو کیا،
ریسکیو کیے گئے تمام ماہی گیر مقامی بلوچ ہیں جن کو طبی امداد کے لیے گوادر منتقل کیا گیا ہے ۔ریسکیو کیے گئے ماہی گیروں نے پاک بحریہ کے لیے اظہارِ تشکر کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سمندر میں رونما ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔