لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفےسے بارش کا سلسلہ جاری

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا


ویب ڈیسک February 20, 2025

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم بدستور موجود ہے جبکہ گزشتہ روز شام سے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد پنجاب بھر میں درجہ حرارت میں قدرے کمی آئی، بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے۔

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مری میں برفباری کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

آئیسکو ریجن میں بارش کے باعث 11 کے وی فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ ہوئی۔ متاثرہ فیڈرز میں سروس روڈ، ایسٹ سی، بلاک نیو، ریس کورس، شالیمار ٹاؤن اور مصریال روڈ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں؛ ملک بھر میں بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی جاتی سردی کو بریک لگ گیا

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ رات سے لاہور میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ راولپنڈی میں 23 ملی میٹر، اٹک میں 22، جہلم اور جھنگ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

چکوال، مری، گوجرانولہ، قصور اور گجرات میں 14 ملی میٹر تک بارش ہوئی جبکہ شیخو پورہ میں 12 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 9 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ سیاح موسم کی مناسبت سے انتہائی محتاط رہیں اور موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پروگرام ترتیب دیں۔

پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں