کلیم اختر: ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اوقاف کالونی میں واقع ایک اچار یونٹ کی چیکنگ کی جس میں ناقص اور غیر معیاری 1500 کلو ایکسپائر اچار کو تلف کردیا گیا اور یونٹ کو بند کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ سے فنگس زدہ اچار برآمد ہوا تھا، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پروسیسنگ ایریا میں کھلی نالیاں اور ٹوٹے فرش پر مضر صحت اچار تیار کیا جا رہا تھاجبکہ پھلوں اور سبزیوں کو بدبودار ماحول میں نان فوڈ گریڈ ڈرموں میں رکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ پروسیسنگ ایریا میں کیڑے مکوڑوں کی بھرمار اور سگریٹ کی موجودگی پائی گئی۔ انتہائی اہم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل کی عدم دستیابی پر بھی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ ناقص انتظامات کی بناء پر اس یونٹ کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے اور ایسے تمام یونٹس کو جلد بند کر دیا جائے گا جو عوام کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔