بالی ووڈ کے 2 خان، ایک جیسے نام، الگ الگ پہچان

شاہ رخ خان اور سلمان خان کا صرف سالِ پیدائش ہی ایک جیسا نہیں ہے بلکہ ان کے پیدائشی نام بھی ایک جیسے ہیں


ویب ڈیسک March 01, 2025

بالی ووڈ کے دو مشہور اداکار، شاہ رخ خان اور سلمان خان، جنہیں کبھی بہترین دوست اور کبھی سخت حریف کے طور پر دیکھا گیا، نہ صرف ان کی فلمی کیمسٹری مشہور ہے بلکہ ان کے اصل نام بھی ایک جیسے ہیں۔

1995 کی کامیاب فلم 'کرن ارجن' میں بھائیوں کے کردار نبھانے والے اس جوڑی نے کئی دیگر فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا ہے۔ کبھی شاہ رخ خان نے سلمان خان کی فلم میں مختصر کردار (کیمیو) کیا، تو کبھی سلمان خان نے شاہ رخ خان کی فلم میں مختصر کردار ادا کیا۔ ان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے رہے اور ان کے جھگڑے اور اختلافات بھی عوامی سطح پر سامنے آئے، تاہم ان کے بیچ ہمیشہ ایک خاص تعلق برقرار رہا۔

ان کے تعلقات میں بہتری کا ایک اہم موقع 2013ء میں بابا صدیقی کی افطار پارٹی کے دوران آیا جب دونوں اداکاروں نے پانچ سالہ اختلافات کا خاتمہ کیا اور گلے مل کر اپنی دوستی کو بحال کیا۔

یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کا صرف سالِ پیدائش ہی ایک جیسا نہیں ہے بلکہ ان کے پیدائشی نام بھی ایک جیسے ہیں۔ شاہ رخ خان نے مختلف انٹرویوز میں بتایا ہے کہ ان کا اصل نام عبد الرشید خان تھا اور ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کی نانی ان کا نام عبد الرحمن رکھنا چاہتی تھیں لیکن آخر کار عبد الرشید خان نام پر اتفاق ہوا۔ بعد میں ان کے والد نے اسکول میں داخلے کے وقت ان کا نام 'شاہ رخ خان' لکھوایا۔

دوسری جانب، سلمان خان کا اصل اور مکمل نام 'عبد الرشید سلیم سلمان خان' ہے اور ان کا نام ان کے دادا کے نام پر رکھا گیا تھا، تاہم سلمان خان نے اپنے فلمی کیریئر میں 'سلمان خان' کے نام سے ہی شہرت حاصل کی اور اسی نام کو آگے بڑھایا۔

کانگریسی لیڈر اور سابق رکنِ اسمبلی بابا صدیقی کو بالی وڈ کے مشہور خانز یعنی سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان طویل عرصے تک چلنے والی لڑائی کو ختم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

بابا صدیقی ہر سال رمضان میں ایک شاندار افطار کا اہتمام کرتے تھے جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ستاروں کو مدعو کیا جاتا تھا۔ ان کی 2013ء کی افطار پارٹی میں سلمان خان اور شاہ رخ خان نے اپنی پانچ سالہ دوری کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور دوستی کو بحال کیا۔

مقبول خبریں