سول کورٹس اور کوسٹ گارڈز ترمیمی بل سینیٹ کمیٹیوں کے سپرد، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بل منظور

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے وقفہ سوالات جوابات معطل کرنے کی پیش کی گئی تحریک ایوان میں منظور


ویب ڈیسک March 06, 2025

اسلام آباد:

سینیٹ نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بل 2025 منظور کر لیا جبکہ سول کورٹس ترمیمی بل 2025 اور کوسٹ گارڈز ترمیمی بل 2025 متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیے گئے۔

بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کیے۔

سینیٹ اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ وزیر قانون اعظم نذیر نے کہا کہ وقفہ سوالات جوابات کی تیاری نہیں کر سکا، وقفہ سوالات جوابات آج کے سیشن کی حد تک معطل کر دیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وقفہ سوالات جوابات معطل کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی جو منظور کر لی گئی۔

قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی آئین کے آرٹیکل 106 میں ترمیم کے بل پر رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔ سینیٹر انوشہ رحمٰن نے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کی رپورٹ سینیٹر عبدالشکور خان نے نے ایوان میں پیش کی۔ سیکٹر آئی ٹین فور کے ایک مکان سے فائل چوری ہونے پر سوال سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان میں اٹھایا تھا۔

سینیٹر عبدالشکور خان نے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ بلوچستان میں زرعی ٹیوب والوں کی سولرائزیشن سے متعلق سوال پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔

مالی سال 2023-24 پر سینیٹر ذیشان خانزادہ کے سوال پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔

سینیٹر پلوشہ خان ن کہا کہ آج ہم دہشت گردی کی ریٹنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں، کس کس پر دعا کریں گے، ایک دن وہ یہاں پر بھی آجائیں گے۔

دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، سینیٹر شہادت اعوان نے دعا کروائی۔

سینیٹر سید مسرور احسن نے کہا کہ لاہور میں ایک مزدور نے انصاف نہ ملنے پر عدالت میں خود پر تیل چھڑک کر آگ لگائی، ان مزدوروں کے لیے کون بات کرے گا، ہم اپنے لیے تو باتیں کرتے رہتے ہیں، مزدوروں کے لیے کون بات کرے گا، اس شخص کو انصاف نہیں ملا اس نے خودکشی کرلی، اس کا ذمہ دار کون ہے۔

سینیٹر سرمد علی نے توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 3لاکھ 60 ہزار ایچ آئی وی کے کیسز سامنے آئے ہیں، ایچ آئی وی پازیٹو مریضوں میں بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے، گزشتہ 9 سالوں میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ بہت خراب ہے، پاکستان میں ایچ آئی وی پینڈیمک ڈیزیز بنتی جا رہی ہے، اس وقت ملک میں صرف 95 سینٹرز ہیں جہاں ایڈز کے مریضوں کو مفت علاج ملتا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ایڈز کے حوالے سے عوام میں جو خوف تھا وہ اب کم ہو رہا ہے۔

دہشت گردی سے متعلق سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے، گلوبل ٹیرارزم انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن دوسرے نمبر پر آئی ہے، دہشت گردی کا ناسور پھر سے سر اٹھا رہا ہے، اس معاملے پر ایوان میں سیر حاصل گفتگو ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے القاعدہ کو ساوتھ ایشیا سے ختم کیا، اس کا کریڈٹ بھی ہمیں نہیں ملتا، اس ہاوس میں متعلقہ آفیشلز سے بریفنگ بھی لیں، لوگ یہ نا پوچھیں کہ ہم یہاں صرف اپنی مراعات ڈسکس کرنے آتے ہیں۔

سینٹ اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی گئی جس پر ایوان میں پانچ منٹ کے لیے وقفہ کیا گیا اور گھنٹیاں بجھائی گئیں، ایوان میں گنتی کی گئی۔

سینیٹ اجلاس ہفتہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں