خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے کا حلف!

جمعہ 7 مارچ 2025
author image

صبح صادق

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عورت صبر و برداشت کی مورت ہے۔ عظمت کا مینارہ ہے۔ غموں کا مداوا اور امید کی کرن ہے۔ احساس و محبت کا منبع ہے۔ غم ِ ذات، غمِ حیاتِ، غم ِ دوراں اور غم ِ جاناں کے بہاؤ کے سامنے ’پختہ بند‘ ہے۔ عورت وفا کا پیکر بھی ہے۔ یہ جہان کا اُجالا ہے اور پھولوں میں نکھار بھی اسی کے دم قدم سے ہے۔ یہ سطریں، یہ الفاظ عورت کے کردار کو تسلیم کرنے کا حلف ہیں۔

لاہور آرٹس کونسل الحمرا مقام شکر ہے جہاں سے عورت کے خلوص کی خوشبو آتی ہے، 8مارچ (یوم خواتین) کی تیاریاں جو جاری ہیں۔ تحریک آزادی سے تکمیل آزادی اور اب اس کی حفاظت میں بھی عورت نے خود کو معاشرے کی سردارنی ثابت کیا۔ زندگی کی تنظیم کا فن عورت سے بڑھ کر کون جانے۔ تعمیری سوچ، پختہ زاویہ نگاہ، مثبت روش یہی ہیں قرینے جہاں میں خود کو منوانے کے۔

پنجاب کی دھی رانی اس صوبے کی وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پاسداری کر رہی ہیں۔ مریم نواز شریف نے پنجاب کو ترقی کا منہ دکھا دیا ہے۔ حکومت پنجاب اپنی تہذیب کی پاسدار اور تمدن کی امانت دار ثابت ہوئی ہے۔ اس کے محکمہ اطلاعات وثقافت کی وزیر اور ثقافت کی سفیر عظمیٰ بخاری بہت پُرعزم ہیں کہ ہم 8 مارچ کو پُروقار انداز میں منائیں۔ ویسے تو ان کے لیے ہر دن یوم خواتین ہوتا ہے۔عظمیٰ بخاری حقوق نسواں کی توانا آواز ہیں۔ عمر بھر اسی راہ کی مسافت میں سربسر رہیں ہیں۔ یہ سفر درست سمت میں جاری ہے۔ انہیں مخالف قوتوں سے کبھی ڈرتے نہ پایا بلکہ ان سے برسر پیکار رہیں۔

گزشتہ روز میں الحمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر توقیر حیدر کاظمی کے ساتھ ’یوم خواتین‘ کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے ایک میٹنگ میں تھا جہاں تمام شعبوں کے اعلیٰ افسران موجود تھے جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن خرم نویل، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز محمود یعقوب، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹ آفیسر مظہر اقبال، انفارمیشن آفیسر سید ہ ثمرین بخاری شامل تھیں۔ یہ ملاقات کوئی ڈیڑھ گھنٹہ پر محیط تھی۔ جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر توقیر شاہ مسلسل فون پر فون کر رہے تھے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی خواتین کو 8 مارچ کی تقریبات میں شرکت کرنے کی دعوت دے رہے تھے۔ ان کا عزم مصمم بے مثا ل دیکھا تو خوشی ہوئی کہ الحمرا میں جو مہمات پر مہمات میں کامیابیاں ہو رہی ہیں وہ ان کے ویژن کی بدولت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الحمرا میں نئے عہد کی جدوجہد!

میری قلم کاری کا دم خم میرے اسلاف کی جدوجہد اور کارناموں سے عبارت ہے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے خطبات اورشاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کی شاعری عورت کے کردار پر سند ہیں۔ میں یہاں قائداعظم کے ایک قول کا حوالے دینا بہت پسند کروں گا۔ انہوں نے فرمایا۔

’دُنیا میں دو طاقتیں ہیں ایک قلم اور دوسرا خنجر لیکن عورت ان دونوں سے زیادہ طاقتور ہے‘۔

الحمرا میں تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ الحمرا گاہے بگاہے خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے اور اس بیانیے کوفروغ دینے کے لیے شب وروز مصروف عمل رہتا ہے۔ ابھی حال ہی میں چیئرمین الحمرا و سی ای او ایل ایل ایف رضی احمد نے ایسے ایسے شاندار موضوعات پر بحث و مباحثے کروائے کہ جنہیں سن کر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کو جی چاہا کہ وہ حقوق نسواں کے بہت بڑے علمبردار بن کر ابھرے ہیں۔ الحمرا کے پلیٹ فارم ہی سے حقوق نسواں کی آواز دُنیا کے چپے چپے میں سنی گئی۔ الحمرا سے اچھے کی توقع کرنا بجا ہے اور اس کا سہرا سربراہان الحمرا کے سر جاتا ہے۔

الحمرا جیتے جاگتے انسانوں کی بستی ہے جو اپنی تہذیب و ثقافت کا آنکھوں دیکھا حال سناتی رہتی ہے۔ 8 مار چ کو الحمرا ہر خا ص و عام کے لیے نگر نگر کی خواتین کی کامیابیوں کی کہانیاں لے کر آ رہا ہے جسے نمائش کی صورت پیش کیا جائے گا، جسے ڈائیلاگ میں بیان کیا جائے گا اور تھیٹر ڈرامہ کی شکل میں بھی دکھایا جا ئے گا۔ وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ بخاری خواتین کی ایک توانا آواز ہیں۔ وہ الحمرا میں منعقد ہونے والی ’خواتین ڈے‘ کی تمام تقریبات کی میزبانی کر رہی ہیں اور محبتوں کے سفینے کی ملاح ہوں گی۔

میں نے زندگی کو کبھی بھی بے لطف نہیں پایا۔ الحمرا کی زندگی ہے ہی ایسی۔ یہاں گزشتہ 15،20 برس معاشرتی، ادبی و ثقافتی، صحافتی اور مذہبی پروگرامز میں شب وروز گزرے ہیں۔ یہ ہمیشہ سے خواتین کے فن کا قدرشناس رہا ہے۔ مجھے ذاتی طور پر اپنے ہاں کی مشرقی روایات کی پاسداری کرتی عورت بہت متاثر کرتی ہے، مزاج کی شگفتگی، شخصیت کا با اصول ہونا اور نظم وضبط کی پابندی۔ انہی اطوار سے معاشرہ پھلتا پھولتا ہے۔ ہمارا سماج عورت کی عظمت کے اُجالے سے روشن ہے۔ آئیے 8مارچ کو الحمرا کے ساتھ آپ بھی اس روشنی کے سفر میں ہم سفر بنیں۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp