صحافی احمد نورانی کے 2 بھائیوں کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکا میں مقیم صحافی احمد نورانی کے 2 بھائیوں کی بازیابی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
روز نامہ جنگ کے مطابق احمد نورانی کی والدہ نے لاپتہ بیٹوں کی بازیابی کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔درخواست میں سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اور ایس ایچ او تھانہ نون کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت میں درخواست ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور عبدالہادی علی چٹھہ کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گھر سے رات 1 بج کر 5 منٹ پر سادہ لباس لوگ دونوں بیٹوں کو اٹھا کر لے گئے۔
درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اغواءکا مقدمہ درج کروانے کے لئے تھانہ نون میں درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔