اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب سے واپسی کے فوری بعد ایف بی آر کی کارکردگی پر اجلاس کی صدارت کی۔ 34 اعشاریہ 5 ارب روپے کی ریکوری پر متعلقہ وزرا اور افسروں کو سراہا اور مستقل نظام کی تشکیل کیلئے لائحہ عمل طلب کرلیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کے بہترین نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ محنت و لگن سچی ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ دہائیوں کی خرابیوں کو مل کر ٹھیک کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسے افسران و اہلکار جو کسی بھی قسم کی خردبرد میں ملوث پائے جائیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کیلئے جس قدر ہوسکا، کوشش کریں گے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ٹیکس کے حوالے سے عدالتوں میں زیر التوا مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس وصولی کی مد میں ایک اور بڑی کامیابی ہوئی ہے، چار ہفتوں میں بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس کی مد میں 34.5 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوئی۔وزارت قانون و انصاف کے اعلامیہ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بھی پنجاب میں رجسٹرڈ بینکوں کی درخواستوں پر حکم امتناعی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، حکم امتناعی خارج ہونے پر پنجاب کے بینکوں نے آج واجب الادا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروایا۔پنجاب کے 7 بینکوں نے مجموعی طور پر 11 ارب 48 کروڑ 36 لاکھ سے زیادہ رقم جمع کروائی، تین ہفتے پہلے سندھ ہائیکورٹ کا اسٹے آرڈر ختم ہونے پر بینکوں نے23 ارب روپے جمع کروائے۔
ایف بی آر کی ریکوریوں کے حوالے سے مستقل بنیادوں پر مربوط قانونی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے،وزیرِ اعظم کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔