خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 11 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی جس میں آپریشن کے دوران 5 خوارج مارے گئے۔ میر علی میں دوسری کارروائی میں 3 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ جبکہ میران شاہ میں کی گئی کارروائی میں 2 خارجی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بھی کارروائی کی گئی جس میں ایک خارجی ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک خارجی دہشتگردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی 10 خارجی دہشتگرد ہلاک، کیپٹن حسنین اختر شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خوارج کے خاتمے کے لیےکلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔
وزیراعظم کا فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی اور میران شاہ اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مزید پڑھیں: بنوں کینٹ پر 4 مارچ کو دہشتگردوں کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی 16 خارجی ہلاک، آئی ایس پی آر
وزیراعظم نے آپریشنز میں 11 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔