صوبوں کی مشاورت کے بغیر آپریشن سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، محسن نقوی

ہفتہ 29 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز  ایک صفحہ پر ہیں۔ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ ایف سی کی تنظیم نو کے بعد اسے نیشنل ریزو پولیس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز  ایک صفحہ پر ہیں۔ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزارت خارجہ کے ذریعے افغان حکومت کے سامنے دہشتگردی کے مسئلے کو مزید موثر طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹرز کے قیام کی منظوری دی جاچکی ہے،  صوبوں میں قیام پر کام جاری ہے۔

تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکریٹریز داخلہ اور آئی جیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اعلامیہ

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ کیا تھا۔

ملکی سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس 18 مارچ کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جو 6 گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ پیش کیا، جس کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ  یکجہتی کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے انعقاد میں سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیےدہشتگرد ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، ان کے خلاف پوری طاقت سے جنگ لڑیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کمیٹی نے ریاست کی پوری طاقت کے ساتھ اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے اسٹریٹجک اور ایک متفقہ سیاسی عزم پر زور دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے لیے قومی اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔

کمیٹی نے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے، لاجسٹک سپورٹ کے انسداد اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کوختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان اور عزم استحکام کی حکمت عملی پر فوری عمل درآمد پر زور دیا۔

کمیٹی نے پروپیگنڈا پھیلانے، اپنے پیروکاروں کو بھرتی کرنے اور حملوں کو مربوط کرنے کے لیے دہشت گرد گروپوں کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیا، کمیٹی نے دہشت گردوں کے ڈیجیٹل نیٹ ورکس کے سدباب کے لیے طریقہ کار واضح کرنے پر زور دیا۔

افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کمیٹی نے ان کی قربانیوں اور ملکی دفاع کے عزم کا اعتراف کیا اور کہاکہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس، فرینٹیئر کانسٹیبلری اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیاکہ دشمن قوتوں کے ساتھ ملی بھگت سے کام کرنے والے کسی بھی ادارے، فرد یا گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

مزید پڑھیںکیا لیویز فورس میں انسداد دہشتگردی ونگ بننے جارہا ہے؟

کمیٹی نے حزب اختلاف کے بعض اراکین کی اجلاس میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ اس بارے میں مشاورت کا عمل جاری رہےگا۔

واضح رہے کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سیـد عاصم منیر سمیت اہم سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی، پاکستان تحریک انصاف نے اس اہم اجلاس کا بائیکاٹ کیا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے صوبے کی نمائندگی کے لیے موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp