محمکہ موسمیات نے اسلام آباد میں ایک بار پھر شدید ژالہ باری کا امکان ظاہر کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں خوفناک ژالہ باری، گاڑیوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے
یاد رہے کہ بدھ کو اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی تھی جس کے سبب سینکڑوں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ دیگر کئی نقصانات ہوئے تھے۔ ژالہ باری سے فیصل مسجد کی کھڑکیوں کے شیسے بھی ٹوٹ گئے تھے۔
ژالہ باری کے دوران گرنے والے اولے اتنے بڑے تھے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کھلے آسمان تلے موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے اور سڑکوں و پارکوں نے گویا سفید چادر اوڑھ لی تھی۔
مزید پڑھیے: ژالہ باری: راولپنڈی اسلام آباد میں ونڈ اسکرین کا اسٹاک ختم، قیمتیں کئی گنا بڑھ گئیں
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جس طرح گزشتہ روز اسلام آباد میں شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک آسمان نے اولے برسائے اور شدید ژالہ باری سے سیکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا اسی طرح کی ژالہ باری دوبارہ بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب موسم بدل رہا ہوتا ہے تو اس طرح کے ایونٹ ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں نے ہمارے خطے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس طرح کی شدید زالہ باری مستقبل قریب میں دوبارہ ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ پہلے جاری کیا جا چکا ہے۔
نشینل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر الرٹ
دریں اثنا نشینل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو شدید بارش اور بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید موسمی صورت حال کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
پنجاب کے علاقے بشمول اٹک، چکوال، گجرات، جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
وسطی پنجاب کے علاقے فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ بھی شدید موسمی زد میں آ سکتے ہیں۔
تیز ہواوں اور بارش سے بجلی کی بندش اور حادثات کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں ممکنہ شدید موسمی صورت حال کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی حالات سے آگاہ رہنے کے لیے موبائل ایپ این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کو فالو کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ اس دورانیے میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور کسان فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری پیشگی انتظامات رکھیں۔ آندھی و طوفان کی صورت میں کمزور عمارتوں اور درختوں سے دور رہا جائے۔
بارشیں کہاں ہو سکتی ہیں؟
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: اولوں سے متاثرہ گاڑیوں کی مرمت: ہیول کے بعد ہونڈا اور چنگان نے بھی بڑی رعایت کا اعلان کردیا
جمعے کے روز خیبرپختونخوا،بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آندھی /جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز/ موسلادھار بارش اورژالہ باری کا امکان ہے۔