سٹی42: لاہور، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں چند روز کے دوران دوسری بار زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 94 کلو میٹر زیر زمین تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے بارڈر پر واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے لاہور، اسلام آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، لوئر دیر اور چترال سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ جھٹکوں کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔