اسحاق ڈار کا ہنگری، کویت اور بحرین کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون، بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا

منگل 29 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلگام واقعہ کے بعد دنیا کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور علاقائی صورت حال سے آگاہ کررہے ہیں، آج انہوں نے ہنگری، کویت اور بحرین کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر زجارتو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، اور انہیں موجودہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اماراتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت کشیدگی پر گفتگو

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے اور یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کو سختی سے مسترد کیا۔

شفقت علی خان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنا بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ اسحاق ڈار نے امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہاکہ پاکستان اپنے قومی مفادات کا دفاع کرےگا۔

اس موقع پر ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر زجارتو نے بات چیت اور مسائل کے پرامن حل کے ذریعے صورتحال کو معمول پر لانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیر خارجہ زجارتو کے دورہ اسلام آباد کے بعد دو طرفہ تعلقات میں شاندار رفتار کو بھی سراہا۔

اسحاق ڈار کا کویت کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ

دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ علی ال یحییٰ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اسحاق ڈار نے کویتی ہم منصب کو بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے اور پاکستان کے خلاف غیر قانونی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کویتی وزیر خارجہ ال یحییٰ نے پاکستان کو کویت کی حمایت کا یقین دلایا۔

اسحاق ڈار کا بحریہ کے وزیر خارجہ سے رابطہ، علاقائی صورت حال پر بریفنگ

اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے آج بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی، اور اپنے ہم منصب کو بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے واضح کیاکہ بھارت کے بے بنیاد الزامات، منفی پروپیگنڈے اور پاکستان کے خلاف یکطرفہ کارروائیوں سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے خطے اور اس سے باہر امن اور استحکام کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا، اسحاق ڈٓار نے اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں پاک بھارت کشیدگی: اسحاق ڈار کا چین اور برطانیہ سے رابطہ، بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا

ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کا بھی اعادہ کیا، فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp