وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی و بین الصوبائی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ابدالی میزائل کے تجربے کو پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ اگر دشمن نے جارحیت کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کو پیغام: پاکستان کا 450 کلومیٹر تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ
رانا ثنااللہ نے کہاکہ ہماری میزائل ٹیکنالوجی دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک سے کئی گنا بہتر ہے اور بھارت کو پاکستان کے گزشتہ تجربات کو یاد رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں اور نہ ہی کسی قسم کی جارحیت میں پہل چاہتے ہیں لیکن اگر بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا تو ہماری افواج اور قوم ہر طرح کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ’مردِ مومن‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان کی سالمیت کے لیے ہر وقت جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔
رانا ثنااللہ نے قوم پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے دشمنوں خصوصاً بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اپنے قومی جذبات کو برقرار رکھیں کیونکہ مودی پاکستان کی آزادی، سلامتی اور معیشت کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مودی حکومت پاکستان کی معیشت کی بحالی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے آئی ایم ایف سے معاہدہ منسوخ کروانے اور مالی امداد کی قسط رکوانے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسی ہی کوششیں ’گالم گلوچ بریگیڈ‘ کی طرف سے کی جاتی رہیں جو ملک کو دیوالیہ کرنے کے قریب لے گئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ انڈیا پہلگام واقعے کو کشمیریوں پر ظلم و ستم کے لیے استعمال کررہا ہے لیکن کشمیری حقِ خودارادیت لے کر رہیں گے اور کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں دنیا کے اہم ممالک کوشش میں ہیں کہ پاک بھارت تنازع آگے نہ بڑھے، وزیر دفاع خواجہ آصف
رانا ثنااللہ نے کہاکہ پاکستان نہ صرف اپنے عوام کے تحفظ کا خواہاں ہے بلکہ بھارتی عوام کے لیے بھی خیرسگالی کے جذبات رکھتا ہے۔ اگرچہ خوشحالی ابھی پوری طرح نہیں آئی لیکن پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور یہ ملک انشااللہ کامیاب ہو کر آگے بڑھے گا۔