ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ عازمین حج کی آمد سے قبل تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی حجاج کو مکہ مکرمہ میں ہر ممکن آرام اور سہولت میسر ہو۔
ڈی جی حج نے کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان اور دیگر معاونین کے ہمراہ رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمروں، ڈائننگ ہالز، لفٹس اور صفائی ستھرائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ عازمین حج کی رہائش، کھانے، نقل و حمل، رہنمائی اور شکایات کے ازالے سے متعلق ہر شعبہ اپنی تیاری مکمل رکھے۔ ڈی جی حج کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق حج مشن کی اولین ترجیح حجاج کرام کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: سرکاری پروازوں کے ذریعے 14ہزار 670 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی عازمین کی مکہ مکرمہ میں آمد 7 مئی سے شروع ہو جائے گی اور حج آپریشن کامیابی کے ساتھ اپنے دوسرے مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ڈی جی حج نے اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے نبھا رہا ہے اور ہر رہائشی عمارت کو مکمل طور پر تیار کیا جا رہا ہے تاکہ حجاج کو کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔