کوٹلی :پاک فوج نے بھارتی دراندازی کی ایک اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فوج کا ڈرون مار گرایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ڈرون کے ذریعے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کی جا رہی تھی، جسے پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی برنالہ اور شکر گڑھ سیکٹرز میں بھارتی ڈرونز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ مسلسل دراندازی کی کوششوں کے باوجود پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے میں مصروف عمل ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت چوکس ہے اور کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔