Thursday, May 29, 2025
spot_img
ہومدنیاحرمین کی خدمت جدید خطوط پر، شیخ سدیس کا حج پلان پر سخت نگرانی کا اعلان

حرمین کی خدمت جدید خطوط پر، شیخ سدیس کا حج پلان پر سخت نگرانی کا اعلان

مکہ مکرمہ (سب نیوز) حرمین شریفین کے دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس کی زیر صدارت حرمین شریفین امورِ صدارت کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں حج 1446ھ کے لیے تیار کردہ عملی منصوبے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شیخ سدیس نے اس موقع پر کہا کہ صدارت، ضیوف الرحمان کی خدمت کو مؤثر اور روحانی تجربے کو مثالی بنانے کے لیے مکمل گورننس اور سخت نگرانی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدارت، خادمینِ حرمین شریفین کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، تاکہ حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے حج کا معتدل پیغام دنیا بھر میں مختلف زبانوں میں مؤثر انداز میں پہنچایا جائے گا۔

اجلاس میں امام و خطیب مسجدِ حرام، الشیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی، مشیرِ صدارت ڈاکٹر اسامہ الزامل، اور مدرس مسجدِ حرام الشیخ ڈاکٹر یوسف الوابل سمیت دیگر اہم ارکان نے شرکت کی۔

شیخ سدیس نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ حج انتظامات کی تکمیل میں اپنی تمام توانائیاں صرف کریں اور خدمات کے معیار کو عالمی سطح تک پہنچانے کے لیے دینی اداروں کی کارکردگی، ٹیکنالوجی، اور ڈیجیٹل پروگراموں کو مزید مستحکم بنایا جائے۔

واضح رہے کہ صدارت کل حج 1446ھ کے لیے اپنا تفصیلی عملی منصوبہ جاری کرے گی۔ مشاورتی کونسل کا بنیادی مقصد سعودی وژن 2030 کے مطابق حرمین کی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ادارہ جاتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔