سٹی 42 : وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ وادی نیلم کے لیے فوری طور پر 3 "فور بائی فور" ایمبولینسز روانہ کردی گئیں، ایل او سی سے ملحقہ بی ایچ یو نوسدہ کو بھی "فور بائی فور" ایمبولینس فراہم کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت موجودہ صورتحال کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا، جس میں SDMA، صحت عامہ، داخلہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے وزیراعظم آزادکشمیر کو موجودہ صورتحال اور ایمرجنسی رسپانس پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے SDMA کو فی الفور ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر تمام وسائل حالت جنگ سے نمٹنے کیلئے مختص کر دیے گئے۔
اجلاس میں تمام اضلاع میں ایمرجنسی رسپانس سینٹرز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہندوستانی جارحیت سے شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو معاوضہ جات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ وزراء موجودہ صورتحال میں اپنے اپنے حلقہ جات میں رہ کر متاثرین کو معاوضہ جات اور ریلیف کی فراہمی کی نگرانی کریں گے۔