پاکستان کے جواب کے بعد چین کا دو ٹوک مؤقف، بھارت کو سفارتی محاذ پر بڑا دھچکا

جمعرات 15 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت پر مؤثر ردعمل کے فوراً بعد چین نے بھی بھارت کو بڑا سفارتی جھٹکا دے دیا ہے۔ چین نے بھارت کے زیرانتظام شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کو اپنا علاقہ قرار دیتے ہوئے وہاں کے متعدد مقامات کو باضابطہ طور پر چینی نام دے دیے ہیں، اور اسے اپنی خودمختاری کا حصہ قرار دیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زنگنان تاریخی، جغرافیائی اور انتظامی اعتبار سے چین کا حصہ ہے۔ ان علاقوں کو چینی نام دینا چین کے اندرونی معاملات میں شامل ہے اور یہ اقدام ہمارے خودمختار انتظامی دائرہ اختیار کے تحت کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی غصہ بڑھنے لگا، پاکستان کی حمایت پر چینی اور ترک سوشل اکاؤنٹس بلاک کردیے

وزارت نے مزید کہا کہ اس کا مقصد علاقے کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت جسے اروناچل پردیش کے طور پر پیش کرتا ہے، چین اسے زنگنان یا جنوبی تبت کا علاقہ تصور کرتا ہے۔ اس متنازع خطے پر دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی کشیدگی موجود ہے، اور حالیہ اقدام نے سفارتی تناؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو دوٹوک اور بھرپور جواب ملنے کے بعد چین کا یہ قدم مودی سرکار کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے خطے کے قریباً تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات چھیڑ کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارت کی قیادت علاقائی امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: عالمی سطح پر چینی جنگی ہتھیاروں کی مانگ میں اضافہ

خطے میں بھارت، چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری کی نظر ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ صورتحال جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے اگر سفارتی راستے بروئے کار نہ لائے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp