پاکستان کے نئے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سینئر کھلاڑیوں بابر اعظم اور محمد رضوان کے مستقبل سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹی20 ٹیم میں صرف تجربہ اور شہرت کی بنیاد پر شمولیت نہیں ہوگی۔
مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں مائیک ہیسن نے واضح کیا کہ ٹیم میں سلیکشن مخصوص کرداروں کی بنیاد پر ہوگی، اور ہر کھلاڑی کو طے شدہ حکمت عملی کے مطابق کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری منصوبہ بندی اس بات پر ہوگی کہ ٹیم کس طرز کی کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے۔ اس کے بعد ہم ان کرداروں کو اُن کھلاڑیوں سے پُر کریں گے جو اُنہیں بخوبی نبھا سکیں۔
مائیک ہیسن نے پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ کو ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد ٹیم کو جدید اور جیتنے والی کرکٹ کھیلانا ہے۔ میں اس موقع پر بہت پُرجوش ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میں ٹیم کو بہتری کی راہ پر گامزن کرسکتا ہوں۔ ایسی کرکٹ جو نہ صرف کامیاب ہو بلکہ عوام کے دل جیتنے والی ہو لیکن میں جانتا ہوں یہ چیلنج بھی ہوگا۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، بابر، رضوان اور شاہین ڈراپ
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی 3 میچوں کی ٹی20 سیریز میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی جیسے بڑے نام شامل نہیں کیے گئے جو ہیسن کے طرزِ قیادت میں تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
فاسٹ بولر حسن علی نے بھی اس سیریز کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کی ہے۔ وہ آخری مرتبہ 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 میچ میں نظر آئے تھے۔ فخر زمان اور صائم ایوب بھی فٹنس مسائل کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں دستیاب نہیں تھے۔
مزید پڑھیں : ’شادی کب کریں گے؟‘، بابر اعظم نے اس سوال کا کیا جواب دیا؟
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی یہ سیریز پہلے 5 میچوں پر مشتمل تھی اور فیصل آباد میں بھی مقابلے ہونا تھے، تاہم سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر اسے 3 میچوں تک محدود کردیا گیا۔سیریز 28 مئی سے یکم جون تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ تینوں میچز مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔
سیریز کا پہلا میچ 28 مئی کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 30 مئی بروز جمعہ کو ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 انٹرنیشنل میچ اتوار، یکم جون کو کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 25 مئی کو لاہور پہنچے گی، سیریز سے قبل 26 اور 27 مئی کو ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی۔