گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے خاندان نے اے ٹی ایم بوتھ میں ڈیرے ڈال لیے

شدید گرمی اور بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے


ویب ڈیسک May 24, 2025

بھارت کے شہر اترپردیش میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جب گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے ایک خاندان نے اے سی لگے ہوئے ٹھنڈے اے ٹی ایم بوتھ میں ڈیرے ڈال لیے۔

جھانسی شہر کی سڑکوں پر چلنے والی لو اتنی تیز ہے کہ سانس لینا بھی مشکل ہوجاتا ہے، اس پر مستزاد شہر میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ایسے میں جب ایک خاندان کے پاس نہ گھر میں بجلی تھی، نہ پنکھے چلنے کی امید، تو انہوں نے اے ٹی ایم بوتھ پر ہی قبضہ کرلیا۔

یہ منظر اترپردیش کے شہر جھانسی کا ہے جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری کو چھو رہا ہے۔ گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایک ماہ سے جاری بجلی کے مسائل نے ایک غریب خاندان کو مجبور کر دیا کہ وہ اے ٹی ایم بوتھ کو اپنا عارضی گھر بنا لیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خواتین اور بچوں کو اے ٹی ایم بوتھ کے اندر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔ خاندان کی ایک خاتون نے بتایا کہ ’’نہ دن میں بجلی آتی ہے، نہ رات میں۔ ہمیں صبح کام پر بھی جانا پڑتا ہے، ورنہ بچوں کو کھانا کیسے کھلائیں؟ ایک ماہ سے یہی حال ہے، اس لیے ہم پورا خاندان یہاں آگئے۔‘‘

یہ منظر بھارت میں گرمی کی شدت اور بجلی کے بحران کی ایک المناک تصویر پیش کرتا ہے۔ جب کہ شہری علاقوں میں اے سی اور کولر والے لوگ گرمی سے بچنے کے راستے ڈھونڈ لیتے ہیں، غریب عوام کے پاس ایسے حالات میں بس اپنی جان بچانے کے لیے ایسے غیر معمولی اقدامات کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا۔

اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کئی صارفین نے حکومتی ناکامی پر سوال اٹھائے ہیں، تو کچھ نے اس خاندان کی ہمت کو سراہا ہے۔ کیا یہ واقعہ ہمارے سماج میں بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی طرف اشارہ نہیں کرتا؟

مقبول خبریں