آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے اچانک ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کی بڑی وجہ ان کا مسلسل زخمی ہوتا جسم اور 50 اوورز کے فارمیٹ میں بڑھتی جسمانی دشواریاں بنی ہیں۔
میکسویل نے انکشاف کیا کہ انہوں نے رواں برس لاہور میں چیمپیئنز ٹرافی کے دوران ایک سخت اور پتھریلے آؤٹ فیلڈ پر کھیلتے ہوئے محسوس کیا کہ اب ان کے جسم کی برداشت ختم ہو رہی ہے۔ اگلے میچ میں گیلی اور پھسلن والی آؤٹ فیلڈ پر فیلڈنگ کے بعد ان کے جسم کا ردعمل واضح کرچکا تھا کہ وہ 50 اوورز کی سختی کو مزید برداشت نہیں کرسکتے۔
میکسویل نے کہا کہ اگر کنڈیشنز مثالی نہ ہوں، تو میرا جسم 50 اوورز کا دباؤ نہیں سہہ پاتا۔ میکسویل نے 149 ایک روزہ میچز میں3990 رنز بنائے
ہیں جبکہ ان کی اوسط33.81 ہے۔ انہوں نے 4 سینچریاں اور 23 نصف سینچریاں بنائیں جبکہ 77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کا126.7 کا اسٹرائیک ریٹ ایک روزہ میچوں کی تاریخ کا دوسرا بلند ترین اسٹرائیک ریٹ ہے۔
مزید پڑھیں:کرکٹ ورلڈ کپ: گلین میکسویل نے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سینچری جڑ دی
ان کی 2023 ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف 201 رنز کی اننگز کو اب تک کی عظیم ترین ایک روزہ اننگز میں شمار کیا جاتا ہے۔
میکسویل نے واضح کیا ہے کہ وہ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ انڈین پریمیئر لیگ (IPL) اور بگ بیش لیگ (BBL) جیسے مقامی ٹی20 ٹورنامنٹس میں بھی حصہ لیں گے۔
میکسویل نے کہا کہ میں چند سیریز مزید کھیل کر صرف ذاتی فائدے کے لیے جگہ نہیں گھیرنا چاہتا تھا۔ بہتر یہی سمجھا کہ نئے کھلاڑیوں کو 2027 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع دیا جائے۔
آسٹریلوی چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا کہ گلین میکسویل اپنی فطری صلاحیت، توانائی، اور میچ جتوانے کی اہلیت کے باعث ایک روزہ کرکٹ کے سب سے دلچسپ کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں۔ میکسویل اب بھی ٹی20 فارمیٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے، خاص طور پر اگلے سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں ان کا کردار کلیدی ہوگا۔