
کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں دو روز قبل پیش آنے والے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیابان اتحاد پر پیش آنے والے حادثے کی فوٹیج میں نوجوان کو ہلکی رفتار سے موٹرسائیکل چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں اسی اثنا ایک تیز رفتار گاڑی آئی جس نے تیزی سے کٹ مارا تو نوجوان قیمتی گاڑی کے پچھلے دروازے سے ٹکرا گیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھن راج نے گاڑی چلانے والے کو حادثہ کا قصور وار کہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسر کا کہنا ہے کہ دھن راج کے پاس لائسنس ہونے یا نہ ہونے کا علم نہیں ، بظاہر وہ 16 سے 17 سال کا نوجوان معلوم ہوتا ہے اور اس عمر میں لائسنس جاری نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل خیابان اتحاد میں حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد بااثر شخص نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر موٹرسائیکل سوار نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس دوران اُس کی بہن ہاتھ جوڑ کر گڑ گڑا کر معافی مانگتی رہی۔