بٹ کوائن کمپنی کے بانی پاکستان کی کارکردگی کے معترف، ہر طرح کی مدد کا اعلان

اتوار 15 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے بٹ کوائن کمپنی کے بانی اور مائیکرو اسٹریٹیجی کے ایگزیکٹو چیئرمین مائیکل سیلر سے آن لائن ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے فروغ، مالی خودمختاری اور کرپٹو پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بٹ کوائن تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 10 ہزار ڈالرز سے تجاوز کرگیا

اس اہم ملاقات میں وزیرِ مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین بلال بن ثاقب بھی شریک تھے، جنہوں نے پاکستان کی ٹیکنالوجی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک فرد امریکا میں 100 ارب ڈالر کی کمپنی بنا سکتا ہے تو پاکستانی نوجوان بھی یہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

ملاقات کے دوران مائیکل سیلر نے پاکستان کے ڈیجیٹل معیشت میں داخلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ پاکستان کو اپنی مہارت اور تجربات کی روشنی میں تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی کمپنی مائیکرو اسٹریٹیجی کے پاس اس وقت 5 لاکھ 82 ہزار بٹ کوائن موجود ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 62 ارب ڈالر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدے پر دستخط

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے  اس موقع پر کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے ذریعے گلوبل ساؤتھ میں قیادت کا خواہاں ہے، اور یہ قدم ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ہوگا۔

وزیرخزانہ کی بٹ کوائن کے بانی  سے ملاقات کو پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کی پالیسی تشکیل دینے کی جانب ایک اہم پیشرفت تصور کیا جارہا ہے، جس سے ملک میں معاشی جدت، سرمایہ کاری کے مواقع اور مالی شفافیت کو فروغ ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp