
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد زخمی ہوگئے جس میں ایک شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے شیدی گوٹھ پاور ہاؤس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مضروب کی شناخت 40 سالہ عبدالغفار کے نام سے کی گئی جسے ٹانگ پر گولی لگی تھی جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔
محمود آباد کے علاقے کشمیر کالونی میں فائرنگ سے 45 سالہ احسان شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق گولی مضروب کے سینے پر لگی تھی جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آنے کا بتایا جا رہا جبکہ ابتدائی طور پر جھگڑے کے دوران کی گئی فائرنگ کی زد میں آکر گولی لگنے کا بتایا گیا تھا۔ تاہم، پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی شادی لان کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ احمد نامی شخص زخمی ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے ۔