نیوزی لینڈ؛ اسمبلی میں ’ہاکا‘ احتجاج کرنے پر قبیلہ ماؤری کے 3 ارکان معطل
اشاعت کی تاریخ: 5th, June 2025 GMT
نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں اپنا روایتی قبائلی اندازِ احتجاج اپنانے پر تحریک انصاف ماؤری پارٹی سے تعلق رکھنے والے 3 ارکانِ اسمبلی کو معطل کر دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان ارکان اسمبلی نے پارلیمنٹ میں ایک متنازع بل کے خلاف احتجاج کے طور پر روایتی ماؤری ہاکا کیا تھا۔
پارٹی کے شریک قائدین راوری وائی ٹی ٹی اور ڈیبی نگاریوا پیکر کی 21 دن جبکہ 22 سالہ ہانا-راویتی مائیپی-کلارک کی 7 دن کے لیے رکنیت معطل کی گئی۔
تحریک انصاف ماؤری پارٹی سے تعلق رکھنے والے یہ ارکان نیوزی لینڈ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے سخت پارلیمانی سزا کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں : نیوزی لینڈ میں 27 سالہ ولی عہد قدیم ماؤری قبیلے کی ملکہ بن گئیں
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمانی سیاست میں اس سے قبل کسی رکنِ پارلیمنٹ کو دی جانے والی سب سے لمبی معطلی صرف تین دن کی تھی۔
ماؤری رقص ہاکا کی ویڈیو سوشل پر وائرل ہونے کے باعث 22 سالہ ماؤری رکن اسمبلی نے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔ وہ ملک کی سب سے کم عمر رکنِ پارلیمنٹ بھی ہیں۔
پارلیمنٹ کی پرولیجز کمیٹی کا کہنا تھا کہ ان ارکان نے ایسا رویہ اپنایا جو ایوان کے دیگر ارکان کو ڈرانے یا دھمکانے کے مترادف ہو سکتا تھا۔
کمیٹی نے یہ بھی بتایا کہ 22 سالہ ہانا-راویتی نے معافی نامہ جمع کروایا تھا اسی لیے ان کی سزا نسبتاً کم رکھی گئی ہے۔
ہانا-راویتی کا ردعمل معطلی کے فیصلے سے قبل خطاب کرتے ہوئے ہانا-راویتی نے کہا تھا کہ کیا ہماری آوازیں اس ایوان کے لیے بہت بلند ہیں؟ کیا یہی وجہ ہے کہ ہمیں خاموش کیا جا رہا ہے؟
یاد رہے کہ یہ احتجاج نومبر میں اس وقت سامنے آیا جب پارلیمنٹ میں ٹریٹی آف وائی تانگی سے متعلق ایک متنازع بل پر پہلی بار ووٹنگ ہو رہی تھی۔
1840 میں ماؤری قبائلی رہنماؤں اور برطانوی تاج کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کو نیوزی لینڈ کے قیام کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
تاہم مجوزہ بل نے خدشات پیدا کیے کہ اس سے ماؤری برادری کے آئینی حقوق محدود کیے جا سکتے ہیں۔ اسی بنا پر ملک بھر میں مظاہرے ہوئے اور بالآخر حکومت نے یہ بل واپس لے لیا۔
ہانا-راویتی نے بل کی ایک کاپی پھاڑ کر احتجاج کا آغاز کیا اور پھر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دائیں بازو کی پارٹی کے رہنما کے قریب جا کر ہاکا کیا۔ یہ عمل دیگر ارکان کی شکایات کا سبب بنا، جنہوں نے اسے ایوان میں بدنظمی قرار دیا۔
جس کے بعد یہ معاملہ اسپیکر کے ذریعے پرولیجز کمیٹی کو بھیجا گیا جہاں کئی مہینے اس پر بحث ہوئی۔
واضح رہے کہ ماؤری ثقافت میں رقص اور گیت پارلیمنٹ میں غیر معمولی نہیں لیکن ایسا کرنے کے لیے اسپیکر کی پیشگی اجازت ضروری ہے جو ان ارکان نے نہیں لی تھی۔
تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی کی معطلی ماؤری ارکان کی آواز دبانے کی کوشش سمجھی جا رہی ہے اور یہ اقدام نسلی و ثقافتی سیاست کا نیا موڑ ہوسکتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پارلیمنٹ میں نیوزی لینڈ ماو ری
پڑھیں:
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے پانچ نئے ارکان کا انتخاب مکمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 03 جون 2025ء) بحرین، کولمبیا، جمہویہ کانگو، لٹویا اور لائبیریا دو سال کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن منتخب ہو گئے ہیں۔
پانچوں ممالک یکم جنوری 2026 سے رکنیت سنبھالیں گے۔ ان کے علاوہ ڈنمارک، یونان، پاکستان، پانامہ اور صومالیہ بھی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن ہیں جن کا انتخاب گزشتہ سال عمل میں آیا تھا۔
سلامتی کونسل 15 ارکان پر مشتمل ہے جن میں چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ کو مستقل رکن کا درجہ حاصل جو کسی فیصلے یا قرارداد کو ویٹو کرنے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔ باقی 10 ارکان کا انتخاب جنرل اسمبلی دو سالہ مدت کے لیے کرتی ہے۔
یہ انتخاب ہر سال خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے اور نشستیں ممالک کے علاقائی گروہ کے ذریعے مختص کی جاتی ہیں۔
(جاری ہے)
امیدوار ممالک کو رکنیت حاصل کرنے کے لیے 193 ارکان پر مشتمل جنرل اسمبلی میں دو تہائی ووٹوں کی اکثریت درکار ہوتی ہے۔علاقائی گروپ اور ووٹوں کی گنتیسلامتی کونسل میں غیرمستقل نشستیں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے چار علاقائی گروہوں میں تقسیم کی جاتی ہیں جن میں افریقہ اور ایشیا، مشرقی یورپ، لاطینی امریکہ اور غرب الہند اور مغربی یورپ و دیگر ممالک شامل ہیں۔
رائے شماری کے ایک ہی مرحلے کے ذریعے نئے ارکان کے انتخاب میں 188 ممالک نے حصہ لیا۔ افریقہ اور ایشیائی الکاہل گروپ کے ممالک میں سے بحرین نے 186، جمہوریہ کانگو نے 183 اور لائبیریا نے 181 ووٹ حاصل کیے جبکہ ایک ملک رائے شماری سے غیرحاضر رہا۔
مشرقی یورپی گروپ سے لٹویا نے 178 ووٹ لیے جبکہ 10 ممالک غیرحاضر رہے۔ لاطینی امریکہ اور غرب الہند کے گروپ سے کولمبیا نے 180 ووٹ لیے جبکہ 8 ممالک غیرحاضر رہے۔
لٹویا کی پہلی رکنیتمشرقی یورپ کا ملک لٹویا اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا ہے۔ کولمبیا سات مرتبہ، جموریہ کانگو دو جبکہ بحرین اور لائبیریا قبل ازیں ایک ایک مرتبہ ادارے کے رکن رہ چکے ہیں۔
حالیہ انتخابات میں افریقہ نے دو جبکہ ایشیائی الکاہل، مشرقی یورپ اور لاطینی امریکہ و غرب الہند نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔