لاہور؍ سرگودھا  (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز  نے سرگودھا میں الیکٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بڑے اعلانات کیے۔  سرگودھا شہر کیلئے بسوں کی تعداد بڑھانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی کی ہدایت پر سرگودھا شہر میں 60 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔ سرگودھا ڈویژن کے لئے 105 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ  نے خواتین، بزرگوں، طلبہ اور سپیشل افراد کے لئے مفت سفر کے اعلان کا اعادہ بھی کیا ہے۔ سیلاب سے پکا گھر مکمل طور پر گرنے پر 10 لاکھ روپے اور گھر کا کچھ حصہ گرنے پر 5 لاکھ روپے دینے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دو ہفتے میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے تقریب سے خطاب  میں کہا کہ جب تک پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ آخری فرد اپنے گھر میں جاکر آباد نہیں ہوتا، مریم نواز چین سے نہیں بیٹھے گی۔ ملک میں پچھلے چار پانچ سال نالائق اور نااہل حکمران مسلط رہے۔ ہر روز بری خبریں آتیں، کبھی ڈالر مہنگا ہونے، ڈیفالٹ اور کبھی دوسرے ملکوں سے جھگڑنے کی باتیں آتی تھیں۔ نوازشریف کا دور واپس آیا تو خوش خبریوں کا سلسلہ پھر سے چل پڑا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں روٹی 25 روپے کی تھی لیکن اب 12 روپے کی ملتی ہے۔ آٹے کے نرخ کو بڑھنے سے روکنے کے لئے ہر روز کوشش کرتی ہوں تاکہ غریب بھوکا نہ سوئے۔ لوگوں کی دہلیز پر دوائیاں پہنچا رہے ہیں، کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال گھر گھر جارہے ہیں۔ دورہ چین کے دوران نمائش میں کو۔ ابلیشن مشین دیکھی تو پنجاب لانے کا تہیہ کیا۔  لاہور کے بعد راولپنڈی اور ملتان میں کو۔ابلیشن مشین لارہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں سرگودھا میں کینسر کا علاج شروع کریں گے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ پرانے ریکارڈ توڑ رہی ہے اور نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی کم ہونے کی باتیں کرتے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر دنیا بھر میں پاکستان کی دھاک بیٹھ گئی۔ ایک شخص جگہ جگہ جاکر لڑائیاں کراتا تھا، اب سیاسی اور عسکری قیادت نیک نیت لوگوں پر مشتمل ہے۔ شہباز شریف کو ہی نہیں بلکہ پاکستان کو سعودی عرب میں سلامی دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے مسجد نبوی اور شہباز شریف اور وفد کی تضحیک کی کوشش کی آج نامراد ہیں۔ نبی کریم ﷺ کے سامنے آواز اونچی کرنے کی اجازت نہیں اور شرپسند وہاں نعرے لگاتے رہے۔ آج مسجد نبوی اور حرم پاک میں وزیراعظم کو اللہ نے عزت دی۔ ایک پرائم منسٹر ہوا کرتا تھاجس کو جہاز سے اتار کر کہا گیا کہ جاؤ بھائی۔ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کو سعودی عرب کی فضاؤں میں جنگی طیاروں نے سلامی دی۔ سعودی عرب نے پاکستان کے لئے تعریفی گانا بنا کر ریلیز کیا۔ سعودیہ میں سبز پرچموں کی بہار تھی۔ عزت افزائی کی وجہ حکمران کا دھرتی سے پیار ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھی ہے۔ محض نعرے مارنے سے عزت نہیں ملتی، کبھی عسکری ادارے اور کبھی دوسروں کا نام لیکر ٹویٹ کرنے سے عزت نہیں ملتی۔ دنیا بدل چکی ہے، پاکستان آگے بڑھ چکا اور وہ شخص قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ کسی کے نصیب میں عزت آئی اور حرم پاک کی پاسبانی کا شرف ملا۔ سعودی عرب نے کہا کہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملہ اور سعودی عرب پرحملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔ شہباز شریف کی انتھک محنت اور بصیرت کو سلام پیش کرتی ہوں اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کا تعلق لازوال رشتہ میں بدل چکا ہے۔ آنے والی نسلوں کو نصاب میں یہ بتایا جائے گا۔ الیکٹرک بس بیٹری چارج کرنے سے چلے گی۔ دھواں نہ ہونے سے ماحول میں بہتری آئے گی۔ پنجاب میں بد ترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ تین دریاؤں میں سب سے بڑا سیلاب آیا۔ انڈیا نے بھی پانی چھوڑ دیا۔ سیلاب آیا تو سی ایم اور منسٹر جاگ رہے تھے۔ سب نے ملکر دن رات ایک کر دیئے۔ 27اضلاع اور پانچ ہزار سے زائد گاؤں سیلاب سے متاثر ہوئے۔ تیاری نہ ہوتی تو سیلاب سے بہت بڑا نقصان ہوتا۔ انڈیا 10 گنا بڑی معیشت رکھتا ہے لیکن پاکستان نے وہ دھول چٹائی جس کو برسوں یاد رکھا جائے گا۔ صرف بیان داغنے سے عزت نہیں ہوتی۔ اڈیالہ والے کو پتہ نہیں کہ پاکستان آگے بڑھ گیا اور وہ قصہ پارینہ بن چکا ہے۔  سرگودھا کے عوام کو نواز شریف کا سلام پیش کرتی ہوں۔ نوا ز شریف کو لاکھوں ووٹ دیکر جتوانے پر سرگودھا والوں کا احسان نہیں اتار سکتے۔ سرگودھا شاہینوں کے ساتھ ساتھ شیروں کا بھی شہر ہے۔ وزیراعلیٰ بن کر پہلا دورہ کیا تو سرگودھا کے ہسپتال میں کارڈیالوجی کے نام پر چھوٹا سا کمرہ دیکھ کر دکھ ہوا۔ سرگودھا ڈویژن میں دل کا کوئی ہسپتال نہیں تھا۔ اب نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایک سال میں کام شروع کردیا، جلد پوری طرح فنکشنل ہوگا۔ اگلے ماہ نواز شریف  سے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا افتتاح کرنے کی درخواست کروں گی۔  نواز شریف  سے سرگودھا والوں کے پیار اور محبت کا ضرور ذ کر کروں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ سرگودھا میں سرکاری ٹرانسپورٹ سسٹم کبھی بنایا ہی نہیں گیا۔ سرگودھا ڈویژن ہونے کے باوجود لوگ ٹوٹی پھوٹی بسوں اور چنگ چی پر سفر کرتے تھے۔ بھیرہ سے سرگودھا 200روپے کرایہ لگتا تھا لیکن اب بھیرہ سے سرگودھا 20روپے کرایہ ہوگا۔ ترقی آتی ہے تو وہ بڑے شہروں تک کیوں محدود رہے۔ لاہور اور راولپنڈی سے بھی پہلے سرگودھا کے لئے الیکٹرو بس کا تحفہ لارہے ہیں۔ ماضی میں ترقی بڑوں شہروں سے شروع ہوکر وہیں ختم ہوجاتی تھی۔ اب ترقی چھوٹے شہروں سے شروع ہوکر پورے صوبے میں پھیلے گی۔  قبل ازیں مریم نوازشریف نے  سرکٹ ہاؤس بس سٹاپ سے الیکٹر ک بس پر سواری کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سرگودھا الیکٹرک بس سروس میں سفر پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی سرگودھا  آمد پر عوام کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔  عوام کا ہجوم روڈز کے اطراف میں جمع ہوگیا۔ نوجوانوں نے نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے پوسٹر ہاتھ میں اٹھا رکھے تھے۔ علاوہ ازیں  مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی  اجلاس میں سیلاب متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔  سیلاب متاثرین بحالی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔  ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے امداد کیلئے آسان ترین طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔  متاثرین کیلئے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز ڈیش بورڈ پر خود سیلاب متاثرین کی امداد کی مانیٹرنگ کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کا حکم دیا۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے سیلاب کے دوران فرائض منصبی سرانجام دینے پر ستھرا پنجاب، سول ڈیفنس، سی اینڈ ڈبیلو، فاریسٹ اور وائلڈ لائف سٹاف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ڈیوٹی سرانجام دینے والوں کو وزیراعلیٰ کی طرف سے شاباش کا پیغام دیا۔ مختلف ڈیپارٹمنٹ کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اور ہم سب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ٹیم ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدگان کی مدد اور خدمت کرنے والے قابل تحسین ہیں۔ وائلڈ لائف، سول ڈیفنس، سی اینڈ ڈبلیو، ستھرا پنجاب کے ورکروں کو وزیراعلیٰ کی طرف سے شاباش دیتی ہوں۔ ادھر  مریم نواز شریف کی ہدایت پرسینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں مظفرگڑھ کے آٹھ سیلاب متاثرہ دیہات میں ضروری ا مدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔  بیت ملاں والی اور عظمت پور میں فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی سج  گئے۔

.