بلوچستان ہائیکورٹ نے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والے جوڑے کے مقدمے میں نامزد قبائلی سردار شیر باز ساتکزئی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

عدالت نے 22 ستمبر کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت دی۔ تاہم، کیس کا سب سے اہم ملزم اور مقتولہ کا بھائی جلال خان اب تک قانون کی گرفت سے باہر ہے۔

اندوہناک واقعہ 4 جون 2025 کو ضلع کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں پیش آیا تھا، مگر اس کا انکشاف اُس وقت ہوا جب جولائی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں نوجوان مرد اور خاتون کو مبینہ جرگے کے حکم پر سرِعام گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ خاتون کو 7 اور مرد کو 9 گولیاں لگیں۔

مزید پڑھیں: ڈیگاری قتل کیس میں گرفتار سردار شیرباز ساتکزئی کی ضمانت منظور

تحقیقات کے دوران مقتولین کی شناخت بانو بی بی اور احسان اللہ عرف احسن سمالانی کے نام سے ہوئی۔ ویڈیو میں موجود 19 افراد میں سے اب تک 15 کو شاملِ تفتیش کیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے قانونی تقاضوں کے مطابق مقتولین کی قبریں کھدوا کر پوسٹ مارٹم کرایا، جس نے گولیوں سے ہلاکت کی تصدیق کی۔

کیس نے اُس وقت نیا موڑ لیا جب مقتولہ کی والدہ گل جان بی بی کا بیان سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانو بی بی 5 بچوں کی ماں تھی اور اس نے احسان اللہ کے ساتھ بھاگ کر 25 دن گزارے تھے۔

ان کے مطابق یہ بے غیرتی نہیں بلکہ بلوچی رسم و رواج کے مطابق کیا گیا۔ سزا جرگے میں طے ہوئی اور اس میں سردار شیر باز کا کردار نہیں تھا۔ اس بیان کے بعد پولیس نے مقتولہ کی والدہ کو گرفتار کیا، تاہم بعد ازاں وہ ضمانت پر رہا ہو گئیں۔

مزید پڑھیں: ’صرف گولی کی اجازت ہے‘

انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بانو بی بی کو تحفظ دیا جاتا تو یہ قتل روکا جا سکتا تھا۔ سوشل میڈیا پر JusticeForCouple# ٹرینڈ کرتا رہا جبکہ عالمی میڈیا نے بھی اس اندوہناک واقعے کو نمایاں طور پر اجاگر کیا۔

اب تک 4 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے، جن میں سردار شیر باز ساتکزئی، مقتولہ کی والدہ گل جان بی بی، مقتول لڑکے کا بھائی پیر جان اور موقع پر موجود بشیر شامل ہیں۔

سردار شیر باز اور گل جان بی بی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں، جبکہ بشیر اور پیر جان پولیس حراست میں ہیں۔ مرکزی ملزم جلال خان اب بھی فرار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

احسان اللہ عرف احسن سمالانی بانو بی بی بلوچستان دوہرا قتل کیس دوہرا قتل ڈیگاری سردار شیر باز ساتکزئی.