ایشیا کپ فائنل: انڈیا کیخلاف پاکستان کو کیسے کھیلنا چاہیے؟ ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو ہدایات دے دیں
اشاعت کی تاریخ: 27th, September 2025 GMT
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میدان میں اترتے وقت صرف کھیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دونوں میچوں میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باوجود کھلاڑیوں کو جذباتی ردعمل سے گریز کرنا چاہیے۔
پاکستان نے جمعرات کو دبئی میں بنگلہ دیش کو سخت مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ فائنل: بھارت کو کیسے پچھاڑا جا سکتا ہے؟ وسیم اکرم نے گُر بتا دیا
یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں اور 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ان میچز کے بعد کھلاڑیوں نے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کیا تھا جبکہ دونوں جانب سے سیاسی اور جارحانہ اشارے بھی دیکھنے کو ملے۔
بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو پر پہلے میچ کے بعد سیاسی بیان دینے کا الزام لگا جبکہ پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے دوسرے میچ میں جارحانہ اشارے کیے۔
ہیڈ کوچ ہیسن نے کہا کہ ہمیں بھارت جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف مستقل مزاجی کے ساتھ کھیلنا ہوگا کیونکہ وہ دنیا کی نمبر ون ٹیم ہیں۔ اگر ہم نے انہیں دباؤ میں رکھا تو جیت ہماری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم نے پہلے میچ کے مقابلے میں بہتر کھیل پیش کیا۔ پہلا میچ ذرا سست انداز میں کھیلا گیا تھا اور بھارت نے مکمل کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ دوسرے میچ میں ہم نے زیادہ تر وقت بھارت کو قابو میں رکھا لیکن ابھیشیک شرما کی شاندار اننگز نے نتیجہ بدل دیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ: حارث اور ’سوریا‘ پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ، صاحبزادہ فرحان کو وارننگ
ابھیشیک شرما نے 39 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر بھارت کو 172 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرنے میں مدد دی تھی۔
ہیسن نے کہا کہ کھلاڑیوں نے فائنل کھیلنے کا حق محنت سے کمایا ہے، اب ان پر منحصر ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
PAK INDIA MATCH پاک انڈیا میچ کرکٹ کھیل ہیڈ کوچ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاک انڈیا میچ کرکٹ کھیل ہیڈ کوچ ایشیا کپ ہیڈ کوچ کہا کہ
پڑھیں:
ہم جانتے ہیں کہ فائنل میں کیا کرنا ہے، ہم تیار ہیں: سلمان آغا
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کےکپتان سلمان آغا نےکہا ہےکہ ہم جانتے ہیں کہ ہم نے فائنل میں کیا کرنا ہے، ہم تیار ہیں۔بنگلادیش کے خلاف دلچسپ مقابلےکے بعد 11 رنز سے فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا کا کہنا تھا کہ اگر آپ ایسے میچز جیتیں تو آپ واقعی خاص ٹیم ہیں، جس طرح بولرز نے بولنگ کی اور فیلڈنگ میں کارکردگی دکھائی وہ بہترین ہے۔سلمان آغا کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی نے ابتدا سے دباؤ ڈالا۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم نے فائنل میں کیا کرنا ہے، ہم تیار ہیں ۔خیال رہےکہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔رواں ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں دو بار آمنے سامنے آئی ہیں اور دونوں بار ہی بھارت کو فتح حاصل ہوئی ہے۔1984 سے اب تک ایشیا کپ کے 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں اور ایک بھی بار پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں نہیں پہنچے تھے۔تاہم شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو کھیلتا دیکھیں گے۔واضح رہے کہ بھارت سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 بار اور پاکستان نے 2 بار ٹرافی اٹھائی ہے۔