پاکستان کی طرف سے حق خودارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر کشمیری عوام کا اظہار تشکر
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2026 GMT
حریت رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیرکاز کی بھرپور حمایت کر رہا ہے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھا رہا ہے جس پر کشمیری اس کے انتہائی مشکور ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خودارادیت کیلئے اپنی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کشمیریوں کیلئے ہمت و حوصلے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جس بھرپور جوش و جذبے سے ایک مرتبہ پھر ”یوم یکجہتی کشمیر“ منا رہا ہے اس سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مہمیز مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانوں کے لازوال دینی، ثقافتی و تمدنی رشتوں کو دنیا کی کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی، کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ تہاڑ جیل ہی میں نظر بند معروف کشمیری خاتون رہنما آسیہ اندرابی نے پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور معاشی استحکام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔ جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماﺅں نعیم احمد خان، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی اور تحریک حریت جموں و کشمیر، جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن سمیت دیگر حریت رہنماوں اور جماعتوں نے بھی اپنے بیانات میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیرکاز کی بھرپور حمایت کر رہا ہے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھا رہا ہے جس پر کشمیری اس کے انتہائی مشکور ہیں۔