حج 2025 کے دوران سعودی عرب نے ایک ایسا انقلابی قدم اٹھایا ہے جس نے خدمت، تحفظ اور ٹیکنالوجی کو ایک مربوط نظام میں تبدیل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا حج کے دوران ڈرون کے ذریعے دواؤں کی ترسیل ممکن ہے؟

سعودی وزارت صحت اور سول ڈیفنس کی طرف سے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کو نہ صرف طبی امداد بلکہ آگ بجھانے کے مقاصد کے لیے بھی استعمال میں لایا جانے لگا ہے جس سے حاجیوں کی حفاظت اور سہولت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ماضی میں طبی سامان یا ادویات کسی مریض تک پہنچانے میں اوسطاً 90 منٹ لگتے تھے لیکن رواں سال متعارف کرائے گئے ڈرونز کی بدولت یہ وقت کم ہو کر صرف 5 سے 6 منٹ رہ گیا ہے۔

یہ پیشرفت نہ صرف ایمرجنسی ریلیف کو فوری اور مؤثر بناتی ہے بلکہ بھیڑ والے علاقوں میں جان بچانے کے امکانات کو بھی کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔

موجودہ نظام کے تحت 6 اہم طبی مراکز کو براہ راست ڈرون سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے جب کہ 3 الگ مقامات کو بطور خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے جو طبی امداد وصول کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

اسی طرح سعودی سول ڈیفنس نے پہلی بار (صقر) نامی جدید ڈرون کا استعمال کیا ہے جو خاص طور پر بلند عمارتوں اور گنجان مقامات پر آگ پر قابو پانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان کرنل محمد الحمادی کے مطابق یہ طیارہ ہنگامی صورت حال میں نہایت مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے اور واقعے کی نگرانی سے لے کر فوری ردعمل تک کی تمام صلاحیتوں کا حامل ہے۔

مزید پڑھیے: مقامات مقدسہ پر حج کے دوران میٹرو ٹرین کےذریعے 20 لاکھ زائرین کی آمد و رفت متوقع

یہ تمام اقدامات سعودی عرب کی اس مستقل روایت کا حصہ ہیں جس کے تحت ہر حج سیزن سے قبل ایک مسابقتی عمل کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس عمل میں دنیا بھر سے آئیڈیاز طلب کیے جاتے ہیں تاکہ حاجیوں کی خدمت کو نئی جہتوں سے ہمکنار کیا جا سکے۔

ڈرون ٹیکنالوجی اسی وژن کا عملی مظہر ہے جس نے نہ صرف سروسز کو جدید خطوط پر استوار کیا بلکہ سعودی وژن 2030 کے مقاصد کو بھی مادی شکل دی ہے۔

یہ ٹیکنالوجی پر مبنی خدمت کا ماڈل صرف حج کے لیے نہیں بلکہ دنیا بھر کے لیے ایک قابل تقلید مثال بن چکا ہے جہاں مذہبی مناسک کو سہولت، تحفظ اور وقار کے ساتھ انجام دینا ممکن ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

حج 2025 دوران حج ڈرون ٹیک؎ ڈرون سعودی سول ڈیفنس سعودی وزارت صحت سول ڈیفنس.