اسرائیل نے غزہ کے لیے انسانی امداد کی ترسیل میں کمی اور غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر بھی بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  اسرائیلی پارلیمنٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران احتجاج، فلسطین کو تسلیم کرنے کے نعرے

منگل کو اسرائیلی حکام نے غیر ملکی خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہ یہ نہیں بتایا کہ کہ یہ فیصلہ کتنے عرصے تک نافذالعمل رہے گا۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک نئے امریکی ثالثی کردہ جنگ بندی معاہدے کے تحت یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔

لاشیں نکالنا وقت طلب کام ہے، حماس

حماس کا اس سے قبل کہنا تھا کہ بعض یرغمالیوں کی لاشوں کی بازیابی میں تاخیر ممکن ہے کیونکہ غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی اور ملبے کے باعث تمام دفنائے گئے مقامات کا علم نہیں۔

مزید پڑھیے: اسرائیل سے رہا قیدی رام اللہ پہنچ گئے، عوام کا والہانہ استقبال، 20 یرغمالی اسرائیل کے حوالے

اس وقت غزہ میں ہزاروں عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں اور متعدد علاقوں تک رسائی محدود ہے جس کی وجہ سے لاشوں کی تلاش اور شناخت کا عمل پیچیدہ اور خطرناک ہے۔

رفح کراسنگ کی بندش جاری

رفح بارڈر جو غزہ میں داخل ہونے والی اہم امدادی گزرگاہ ہے پچھلے کئی دنوں سے بند ہے۔ مصر کے ساتھ ملحق اس سرحدی گزرگاہ کے ذریعے ہی غزہ میں انسانی امداد، میڈیکل سپلائیز اور ایندھن پہنچایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: حماس نے 7 اسرائیلی یرغمالی رہا کر دیے، فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی تیاریاں جاری

اس بندش سے نہ صرف انسانی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ طبی سہولیات، خوراک اور پانی کی قلت بھی شدید ہو گئی ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازعے کے دوران امریکا کی کوششوں سے ایک عارضی جنگ بندی کا مسودہ تیار کیا گیا تھا جس کے تحت حماس کی طرف سے یرغمالیوں کی لاشیں واپس کی جانی تھیں اور بدلے میں اسرائیل غزہ میں امداد کی فراہمی جاری رکھتا۔

یہ بھی پڑھیے: غزہ امن معاہدہ نئے دور کا آغاز، ہم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب

تاہم فریقین کے درمیان اعتماد کی کمی، عملی مشکلات اور سیاسی دباؤ کے باعث یہ عمل پیچیدگیوں کا شکار ہوگیا ہے۔ ان سب باتوں کے نتیجے میں غزہ میں انسانی بحران میں شدت بڑھتی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

اسرائیل رفح بارڈر بدستور بند غزہ امدداد کی ترسیل متاثر.