افغانستان بھارتی اشاروں پر اچھل کود بند کرے، بلال عباس قادری
اشاعت کی تاریخ: 15th, October 2025 GMT
اپنے بیان میں صدر پاکستان سنی تحریک کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو خطے میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لینا چاہیئے کیونکہ بھارت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے دیگر ممالک کو استعمال کر رہا ہے، پاکستان امن، استحکام اور ترقی چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری کا دفاع ہر صورت کرے گا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ افغانستان کو بیرونی اشاروں پر عمل کرنا بند کرکے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے حقیقی قدم اٹھانے چاہئیں، خطے کے تمام فریقین محتاط رویہ اپنائیں اور جارحیت سے گریز کریں، افغانستان بیرونی قوتوں اور بھارتی اشاروں پر عمل کرکے تنا بڑھانے سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے تمام فریقین کو جارحانہ پالیسیوں اور پروکسی کھیلوں سے پرہیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مسئلہ افغانستان کا سیاسی اور سفارتی حل تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے تاکہ سرحدی واقعات اور تناو کے امکانات کم ہوں، خطے کا امن سب کی ترجیح ہونی چاہیئے۔
بلال عباس قادری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے افغانستان کو اپنے مذموم عزائم کا حصہ بنانا چاہتا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اگر افغانستان نے اشتعال انگیزی بند نہ کی تو اس کے نتائج خود اسے بھگتنا ہوں گے، بھارت خطے میں نفرت، دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کا مرکزی کردار بن چکا ہے، جس کے اثرات پورے جنوبی ایشیا کے امن پر پڑ رہے ہیں، افغانستان کو بھارتی مفادات کے بجائے اپنے عوام کی بہتری اور علاقائی استحکام کے لیے کام کرنا چاہیئے، پاکستان نے ہمیشہ اچھے ہمسایہ تعلقات کی کوشش کی ہے لیکن بھارت اپنے ایجنڈے کے ذریعے تعلقات خراب کرنے پر تلا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو خطے میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لینا چاہیئے کیونکہ بھارت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے دیگر ممالک کو استعمال کر رہا ہے، پاکستان امن، استحکام اور ترقی چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری کا دفاع ہر صورت کرے گا، بھارت پوری دنیا میں رسوا اور ذلیل و خوار ہو رہا ہے، بھارتی حکومت کے مظالم، اقلیت دشمن پالیسیوں اور پڑوسی ممالک کے خلاف سازشوں نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، بھارت کی انتہا پسند سوچ خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے، عالمی برادری کو چاہیئے کہ بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔