فلموں میں مار کھانے والے کردار ادا کرنے پر والد نے گھر آنے سے روک دیا تھا، نواز الدین صدیقی
اشاعت کی تاریخ: 14th, November 2025 GMT
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے انکشاف کیا کہ فلموں میں ہمیشہ مار کھانے والے کردار ادا کرنے کی وجہ سے والد نے انہیں گھر آنے سے روک دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی بے عزتی ہوتی ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق نواز الدین صدیقی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی مشکل دنوں پر کھل کر بات کی۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے والد نے ایک وقت میں انہیں گھر آنے سے روک دیا تھا کیونکہ وہ فلموں میں مسلسل پٹتے ہوئے نظر آتے تھے۔
انہوں نے اپنی ابتدائی فلموں جیسے ’سرفروش‘ اور ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی آن اسکرین پٹائی سے والد کو بہت تکلیف ہوتی تھی۔
دوران انہوں نے نواز الدین صدیقی نے بتایا کہ والد کو ان کے کردار پسند نہیں آتے تھے جب کہ گاؤں والے بھی ان کے والد کو طعنے دیتے تھے۔
نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں ہر فلم میں ایسے کردار دیے جاتے، جن میں انہیں مار پڑتی تھی، ان کی پہلی فلم ’سرفروش‘ میں بھی ان کی پٹائی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مشہور فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں بھی یہی ہوا جب کہ دیگر فلموں میں بھی وہ چور، جیب کترے اور ہمیشہ مار کھانے والے شخص کے روپ میں نظر آتے تھے، جس پر گاؤں والے ان کے والد کو طعنے دیتے تھے کہ ان کا بیٹا فلموں میں ہمیشہ مار کھاتا رہتا ہے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ ان کا تعلق ہم مغربی اترپردیش سے ہے، جہاں عزت کا بہت خیال رکھا جاتا ہے اور لوگوں کے طعنوں کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔
ان کے مطابق والد نے ان سے پوچھا کہ وہ ایسے کردار کیوں کرتے ہیں؟ جس پر انہوں نے انہیں کہا کہ انہیں دوسرے کردار نہیں دیے جاتے اور وہ اچھے کردار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نواز الدین صدیقی نے انکشاف کیا کہ والد نے انہیں اچھے کردار نہ ملنے اور مار کھاتے رہنے کے کردار ادا کرنے تک گھر نہ آنے کا کہا، جس پر وہ تین سال تک گاؤں نہیں گئے۔
اداکار نے بتایا کہ انوراگ کشیپ کی فلم ’گینگز آف واسع پور‘ نے انہیں شہرت بخشی اور ان کا نام گھر گھر تک پہنچ گیا اور ان کے والد بھی خوش ہوئے اور انہوں نے ان کےگینگسٹر کے کردار کی تعریف کی۔
ان کے مطابق مذکورہ فلم کے بعد جب وہ گاؤں گئے اور والد سے پوچھا تو انہوں نے مسکرا کر ان کے کام کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے اچھا کام کیا۔
.