WE News:
2026-06-02@23:34:17 GMT

کابل کے چینی ریسٹورنٹ میں دھماکا، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2026 GMT

کابل کے چینی ریسٹورنٹ میں دھماکا، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شاہرِ نو میں پیر کے روز ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 7 افراد اور کم از کم 20 زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی ذمہ داری بعد ازاں دہشتگرد تنظیم ’داعش‘ نے قبول کرلی ہے۔ واقعے میں ایک چینی نژاد مسلم شہری سمیت 6 افغان شہری ہلاک ہوئے۔

کابل پولیس کے مطابق دھماکا شاہرِ نو کے گل فروشی اسٹریٹ پر واقع ایک ہوٹل میں قائم چینی ریسٹورنٹ ’چائنا لانژو بیف نوڈلز‘ کے قریب ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین تاحال نہیں ہوسکا، تاہم بعض عینی شاہدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حملہ خودکش ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکا، چینی شہری سمیت 7 افراد ہلاک

ایمرجنسی اسپتال افغانستان کے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد کم از کم 20 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں 7 افراد پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ زخمیوں میں 4 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد کو زخموں اور چوٹوں کے باعث سرجری کے لیے زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں کی تفصیل

طالبان پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے، جس کی شناخت عبدالرحمٰن (یا عبدالماجد) کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ چین کے علاقے سنکیانگ سے تعلق رکھنے والا ایک مسلم شہری تھا۔ دیگر 6 جاں بحق افراد افغان شہری ہیں۔

داعش کی ذمہ داری قبول

بعد ازاں داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا چینی ریسٹورنٹ کے کچن کے قریب کیا گیا۔ ریسٹورنٹ ایک چینی نژاد مسلم شہری عبدالماجد اور افغان شہری عبدالجبار کی مشترکہ ملکیت تھا۔

چینی شہریوں کو نشانہ بنانے کا خدشہ

کم از کم 5 عینی شاہدین نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ حملے کا مرکزی ہدف چینی شہری معلوم ہوتے ہیں۔ دھماکے کی ویڈیوز اور تصاویر میں ریسٹورنٹ کا سائن بورڈ تباہ، عمارت کے حصے متاثر، زخمی افراد زمین پر پڑے اور شہریوں کو خوف و ہراس میں بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے افغانستان: بامیان میں داعش کا حملہ، 3 ہسپانوی سیاح ہلاک

کابل کے مختلف علاقوں میں رہائشیوں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی، جس کے بعد شاہرِ نو کے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر کابل میں سیکیورٹی صورتحال اور غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی مفادات کو درپیش خطرات پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

داعش کابل چینی ریسٹورنٹ.