UrduPoint:
2025-04-28@16:50:50 GMT
نظریہ پاکستان ہی پاکستان کی بقا کا ضامن ہے ،مولانا سید عبدالخبیرآزاد
اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان و خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔ہم ایک قوم ہیں اور نظریہ پاکستان ہی پاکستان کی بقا کا ضامن ہے۔علمائے کرام منبر و محراب کے ذریعے پاکستان میں قومی یکجہتی،امن،مذہبی ہم آہنگی اور ملک میں وحدت کو پیدا کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پہلگام واقع کی عالمی سطح پر تحقیقات کرنے کا جو عندیہ دیا ہے اس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے۔بھارت نے اگر کسی قسم کی جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم اپنے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا د ے گی۔(جاری ہے)
وہ چناب کلب فیصل آباد میں منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر کمشنر فیصل آباد مریم خاں، آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصر،مفتی شاہد عبید،قاضی عبدالغفار قادری،علامہ محمد رشید ترابی،مفتی اسحاق ساقی،علامہ کاظم رضا نقوی، مفتی عبدالوہاب روپڑی،مولانا زاہد محمود قاسمی سمیت ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل امن کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ پہلگام واقعہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے جس کی ہم پر زورمذمت کرتے ہیں۔پاکستانی قوم ملک کے دفاع و استحکام کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ہم یک جا ن ہو کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی و انتہا پسندی کاخاتمہ،تشدد سے پاک معاشرہ،احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ریاست،پاکستانی عوام اور امت مسلمہ مظلوم اہل فلسطین وغز ہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ تمام اسلامی ممالک اسرائیلی جارحیت ر کوانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ پر امن احتجاج ہمارا حق ہے لیکن ملک کی املاک کونقصان پہنچانا دشمن کو فائدہ دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی لازوال اور بے مثال قربانیاں پیش کر کے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے۔.