کراچی:

ملک بھر کی محب وطن ہندو کمیونٹی نے بھارتی وزیر دفاع کو اپنا متنازع بیان واپس لینے کیلئے تین دن کا الٹی میٹم دے دیا بصورت دیگر بھارتی ہائی کمیشن پر دھرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں جمعرات کو کراچی پریس کلب کے باہر صدر پاکستان ہندو کو نسل پرشوتم رمانی کی قیادت میں ہندو کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں وکرم راٹھی، مان لال اور چیف کو آرڈی نیٹر کرشن ساگر سمیت ہندو کونسل کے اعلی عہدے دار، سول سوسائٹی، اسٹوڈنٹس اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں پاکستان زندہ باد، سندھ ہماری دھرتی ماں اور بھارتی وزیر دفاع کے قابل مذمت بیان کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج باد کے نعرے لگائے، مودی حکومت اور بھارتی وزیر دفاع کے خلاف نعرے بازی کی۔

پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کا یہ مطالبہ بھی دہرایا کہ بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا سفارتی سطح پر موثر نوٹس لیا جائے اور عالمی برادری کو بھی بھارت کی بلاجواز اشتعال انگیزی سے آگاہ کیا جائے۔

صدر پرشوتم روانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا احتجاج ہمارے تین روزہ احتجاجی مظاہروں کی پہلی کڑی ہے، ہم راج ناتھ سنگھ کے غیر محتاط، اشتعال انگیز اور حقائق کے منافی بیان کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مودی سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ راج ناتھ کے بیان سے سرکاری سطح پر لاتعلقی کا اظہار کیا جائے اور جواب طلبی کی جائے۔

اس موقع پر چیف کوآرڈی نیٹر کرشن ساگر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان نہ صرف حقیقت، بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی سفارتی روایات کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان ہندو کو نسل کی جانب سے دوسرا بڑا احتجاجی مظاہرہ سوامی نارائن مندر سولجر بازار اور تیسر احتجاج ہفتے کو تین تلوار کراچی میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر شرکا نے اس تجویز پر جوش و خروش کا اظہار کیا کہ اگر مودی سرکار نے اپنے وزیر دفاع کو لگام نہ دی اور تین دن کے اندر اپنا اشتعال انگیز بیان واپس نہ لیا تو پھر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر دھرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

صدر پاکستان ہندو کو نسل پرشوتم رامانی نے مظاہرین کو پُرامن انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ تین روزہ مظاہرے کی تفصیلی رپورٹ پاکستان ہندو کونسل کی مینیجنگ کمیٹی کو اگلے ہفتے منعقد و اجلاس میں پیش کی جائے گی، پاکستان ہندو کونسل کی اعلی قیادت نے اس حوالے سے حتمی فیصلے کا اختیار سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار و انکوانی کو سونپ رکھا ہے۔

.