پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
اسلام آباد+ کراچی+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بدھ کو ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے آغا سراج درانی کی سیاسی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آغا سراج درانی کی جمہوریت کیلئے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس‘ سوگوار خاندان سے ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سمیت پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثنا سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم نوازشریف، سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے
پڑھیں:
آغا سراج درانی کا انتقال، ایک عہد کا اختتام،ڈاکٹرشام سندر کے ایڈوانی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ایم پی اے اور وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر رنج و غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی نے کہا ہے کہ آغا سراج درانی کی پارلیمانی اور پارٹی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ہمیشہ جیالوں کے دلوں میں زندہ جاوید رہیں گے انہوں نے کہا کہ سیاست کے افق پر بعض شخصیات اپنے کردار، وقار اور خدمات کے باعث ہمیشہ کے لیے امر ہو جاتی ہیں سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی بھی ایسی ہی ایک شخصیت تھے جنہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، عوام دوستی اور اصول پسندی کے ذریعے نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ سندھ کی سیاست میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔(جاری ہے)
ان کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ اور پیپلز پارٹی سمیت عوام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔