لوگوں کو بہترین سفر سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر کام کررہے ہیں، شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
سندھ اسمبلی سے خطاب میں سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ہر ضلع ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہماری کوشش ہے کہ ریڈ لائن سندھ کے ہر علاقے میں چلائیں، کراچی بڑی آبادی والا شہر ہے اس لئے پہلے یہاں شروع کیا گیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی سمیت صوبے بھر کے لوگوں کو آرام دہ اور بہترین سفر سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر کام کررہی ہے، سندھ کابینہ نے کراچی کے لئے مزید ای وی بسوں کے حصول کی منظوری دیدی ہے، شہر میں پہلے ہی پنک بسیں بھی چل رہی ہیں، ریڈلائن منصوبہ پاکستان کا واحد منصوبہ ہے جس پر بایو گیس پر بسیں چلیں گی۔ انہوں نے یہ بات سندھ اسمبلی میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جوب دیتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ نو مہینے چلا اس دوران اس منصوبے پر رتی بھر کام نہیں ہوا، اس منصوبے کے حوالے سے یوٹلٹی اداروں کی جو لائنیں گزر رہی ہیں وہ بھی مسئلہ ہیں، کار شو رومز والوں نے بھی اوور ہیڈ برج کا مطالبہ کیا جس پر ڈھائی ارب لاگت آئے گی ان کا یہ مطالبہ ہم افورڈ نہیں کرسکتے۔ روڈوں پر سائیکلنگ لین کے حوالے سے کہا کہ یہ اچھی تجویز ہے لیکن یہ آئیڈل شہروں کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائین اور گرین لائین ٹریک پر سائیکل چلائی جا سکتی ہے مگر شاہراہ فیصل پر سائیکل نہیں چل سکتی کیونکہ بدقسمتی سے لوگ فوٹ پاتھ پر موٹرسائیکلیں کھڑی کردیتے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا نے کہا کہ کراچی سمیت ہر ضلع ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہماری کوشش ہے کہ ریڈ لائن سندھ کے ہر علاقے میں چلائیں، کراچی بڑی آبادی والا شہر ہے اس لئے پہلے یہاں شروع کیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی فنڈڈ پروگرامز کے انٹرسٹ ریٹ بہت کم ہوتے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے بتا یا کہ گرین لائین وفاق کا منصوبہ ہے جواس مہینے میں ہمارے حوالے ہو رہا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت ہے، شرجیل میمن
ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پاکستان اس اشتعال انگیزی کو ہر گز برداشت نہیں کرے گا، عالمی طاقتیں، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔ اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اقدام اشتعال انگیز، غیر ذمے دارانہ اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ معاہدے کی معطلی خطے میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے، بھارت اصل مظالم اور ناانصافیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پہلے بھی فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا آیا ہے۔ پی پی رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پاکستان اس اشتعال انگیزی کو ہر گز برداشت نہیں کرے گا۔ شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ عالمی طاقتیں، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔