کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک بھارت سے تعلقات کی مخالفت کریںگے: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے پاکستان کے پچیس کروڑ عوام صبح آزادی کشمیر تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ کل ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر کے صوبائی و ضلعی ہیڈکوارٹرز، چھوٹے بڑے شہروں میں اہل کشمیر سے یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مارچز نکالے جائیں گے۔ لاہور میں مال روڑ پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کروں گا، مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی دوں گا۔ پاکستانی گھروں سے جوق در جوق نکلیں اور کشمیریوں سے محبت کا اظہار کریں۔ کشمیر پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر تکمیل تحریک پاکستان ممکن نہیں۔ مقبوضہ وادی میں ہندوستان کی 10 لاکھ قابض فوج جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، عالمی برادری نوٹس لے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت پاکستان کو باور کراتی رہے گی کہ کشمیریوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ پاکستان کو ایجنڈے کے تحت افغانستان سے لڑایا جا رہا ہے اور بھارت سے دوستی اور تجارت کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک بھارت سے کسی قسم کے تعلقات کی مخالفت کریں گے۔ حکومت کشمیر پر اے پی سی بلائے۔ پاکستان کے اندر بھارتی خفیہ ایجنسی را کی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں، حکومت بھارتی دہشت گردی پر کیوں خاموش ہے۔ جنرل (ر) باجوہ کی کشمیر پر سودے بازی کے حوالے سے بھی باتیں ہو رہی ہیں، دفتر خارجہ اس حوالے سے وضاحت کرے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پیر پگارا کا افواج پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی، حر جماعت کو دفاع وطن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت
کراچی:حر جماعت کے روحانی پیشوا اور ممتاز سیاسی شخصیت پیر صاحب پگارا نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پوری حر جماعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر لمحہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ تیار رہیں۔
اپنے ایک اہم بیان میں پیر پگارا نے کہا کہ مادر وطن کا دفاع ہمارے لیے ہر چیز پر مقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نازک موقع پر نہ صرف حر جماعت بلکہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
پیر صاحب پگارا نے زور دیا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ پاکستان کے تحفظ اور دفاع کے بارے میں سوچنے کا ہے۔
پیر پگارا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات اور چیلنجز سے محفوظ رکھے اور ملک کو امن و استحکام عطا فرمائے۔