تاجروں کی شکایات پر فوری توجہ دیں گے ،سلیم میمن
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے لطیف آباد کے تاجروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری توجہ دیتے ہوئے اُس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ تاجروں کی شکایت ہے کہ لطیف آباد میں ایچ ایم سی (حیدرآباد میونسپل کارپوریشن) اور ٹی ایم سی (ٹاؤن میونسپل کارپوریشن) کے نمائندے ایک ہی سائن بورڈ کے لیے دونوں محکموں کی جانب سے ٹیکس وصول کر رہے ہیں، جس سے تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اِس مسئلے کے حل کے لیے چیمبر کے پلیٹ فارم سے لوکل گورنمنٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید خالد حیدر شاہ کو بھی خط لکھا گیا ہے، جس میں اُن سے درخواست کی گئی ہے کہ عدالت کے فیصلے تک دونوں محکموں کو تاجروں کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اور اِس تنازعے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ اِس کے علاوہ حل ہونے کے بعد ٹیکس کلیکشن کے تمام قواعد و ضوابط اور ٹیکس نرخ پہلے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ساتھ شیئر کئے جائیں تاکہ اُن پر تاجروں کو اعتماد میں لیا جائے اور انتظامیہ کو ٹیکس کلیکشن میں کسی بھی دُشواری کا سامنا نہ ہو۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے اِس معاملے پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ عدالت میں زیر سماعت ہے، لیکن اُس کے باوجود تاجروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں محکموں کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے تاجروں کو بے جا پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کا فوری حل نکالنا ضروری ہے۔ صدر چیمبر نے میئر حیدرآباد، کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور دیگر متعلقہ حکام سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اِس معاملے پر فوری توجہ دیں اور دونوں محکموں کے نمائندوں کو ایک میز پر بٹھا کر اِس مسئلے کا حل نکالیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جب تک عدالت اُس معاملے کا فیصلہ نہیں کرتی دونوں محکموں کو تاجروں کو ہراساں کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چیمبر تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا اور اِس معاملے کو حل کرنے کے لیے تمام ضروری اِقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے اِس موقع پر لطیف آباد کے تاجروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ کئی تاجروں نے شکایت کی ہے کہ ایچ ایم سی اور ٹی ایم سی کے نمائندے اُن کے سائن بورڈز کو اُتارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اُن کے ساتھ بدتمیزی کر رہے ہیں۔ صدر چیمبر نے اِس بات پر زور دیا کہ تاجروں کے ساتھ اِس طرح کا رویہ حکومتی اداروں کے نمائندوں کا ناقابلِ برداشت اور قابلِ مذمت ہے۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اِس معاملے پر فوری توجہ دیں اور تاجروں کو ہراساں کرنے کے بجائے اِس مسئلے کو قانونی اور پُر اَمن طریقے سے حل کیا جائے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: تاجروں کو ہراساں پر فوری توجہ ا س معاملے صدر چیمبر تاجروں کی سلیم میمن ا نہوں نے ا س مسئلے ایم سی کے لیے
پڑھیں:
عام صارفین اور تاجروں کیلئے اکاؤنٹ کھولنا مزید آسان، جامع فریم ورک متعارف کرا دیا گیا
کراچی:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عام صارفین اور تاجروں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل مزید آسان بنانے کے لیے جامع فریم ورک متعارف کرادیا اور بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تاجروں کو ادائیگیوں کے ڈیجیٹل طریقے فراہم کریں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے فریم ورک کا مقصد اکاؤنٹ کھولنے کا عمل آسان اور معیاری بنانا کے ساتھ ساتھ دستاویزات کے تقاضوں کو معقول بنانا ہے اوراس سے عام صارفین کو نئے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں دو دن سے زیادہ کا وقت نہیں لیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ صارفین کے پاس اپنی درخواستوں کو ٹریک کرنے کی سہولت بھی ہونی چاہیے جس سے یہ عمل شفاف اور صارف دوست بن جائے گا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ کسٹمر آن بورڈنگ کا عمل مزید آسان، محفوظ اور مؤثر بنا دیا گیا ہے، اب صارفین تمام اقسام کے اکاؤنٹس آن لائن کھول سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگی قبول کرنے والے کم از کم ایک طریقے سے ضرور لیس کیا جائے اور نئے تاجروں کو اکاؤنٹ کھولنے میں معاونت دی جائے۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ یہ اقدامات مالی شمولیت بڑھانے اور صارفین کے لیے سہولتیں بہتر بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں اور یہ اقدامات بینکنگ سٹم سے باہر افراد اور تاجروں کو نظام میں شامل کرنے اور نقد ادائیگیاں ڈیجیٹلائز کرنے کا ماحول بہتر بنائیں گے۔