امیریکن ایئرلائنز کے مسافر طیارے کے انجن میں آتش زدگی، 12 مسافر زخمی
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
ویب ڈیسک _ امیریکن ایئر لائنز کے مسافر طیارے میں آتش زدگی کے نتیجے میں 12 مسافر زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریاست کولوراڈو کے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کی شام فلائٹ 1006 نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ اس موقع پر طیارے کے انجن سے دھواں اٹھ رہا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر ایمرجنسی گیٹ سے نکل کر جہاز کے ایک ونگ پر کھڑے ہیں اور نیچے اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکہ کے فضائی امور کے نگراں ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر طیارہ کولوراڈو کے اسپرنگ ایئرپورٹ سے ڈیلس فورٹ ورتھ جا رہا تھا کہ عملے نے انجن میں تھرتھراہٹ رپورٹ کی جس کے بعد طیارے کو ڈینور ایئرپورٹ موڑ دیا گیا۔
ایف اے اے کے مطابق طیارے نے شام پانچ بج کر 15 منٹ پر بحظاظت لینڈنگ کی تو اس کے انجن میں آگ بھڑک رہی تھی۔
امیریکن ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر پرواز میں انجن کا کوئی مسئلہ ہوا تھا۔ تاہم تمام 172 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان کو ٹرمینل لے جایا گیا ہے۔
فوری طور پر اس بات کی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے کہ طیارے کے انجن میں کس وقت آگ لگی۔
امیریکن ایئر لائنز نے عملے اور امدادی رضاکاروں کی جانب سے فوری طور پر امدادی کام شروع کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
ایئرپورٹ ترجمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا ہے جب کہ ایف اے اے کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔
حالیہ عرصے کے دوران ہوا بازی انڈسٹری میں اس طرح کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران پلٹ گیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ سیٹل ایئرپورٹ پر جاپان ایئرلائن کا طیارہ وہاں کھڑے ایک طیارے کے ساتھ ٹکرا گیا تھا۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
موٹروے ایم-5 پر بس حادثہ، ایک مسافر جاں بحق، چار زخمی
ملتان:موٹروے ایم-5 پر صادق آباد سے لاہور جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔
حادثہ ملتان کے قریب پیش آیا جب بس کا ڈرائیور اچانک اونگھنے کے باعث بس سے قابو نہ پا سکا اور وہ موٹروے سے نیچے اُتر گئی۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈی ایس پی موٹروے پولیس بھی موقع پر موجود ہیں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتا چلایا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بس میں سوار دیگر مسافروں کی زندگی بچانے کے لیے فوری طور پر کارروائیاں کی گئیں اور امدادی ٹیموں نے صورتحال پر قابو پا لیا۔